حکومت کا آئندہ الیکشن سے قبل بجلی کی پیداوار اور طلب کا فرق ختم کرنے کا اعلان

موجودہ حکومت بجلی کا بحران ختم کر کے جائے گی۔ دو ہزار سترہ تک سات ہزار میگا واٹ بجلی نظام میں شامل کردی جائے گی، خواجہ آصف

منگل 7 اپریل 2015 20:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) حکومت نے آئندہ الیکشن سے قبل بجلی کی پیداوار اور طلب کا فرق ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ خواجہ محمد آصف کہتے ہیں کہ موجودہ حکومت بجلی کا بحران ختم کر کے جائے گی۔ دو ہزار سترہ تک سات ہزار میگا واٹ بجلی نظام میں شامل کردی جائے گی۔اسلام آباد میں قومی توانائی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر پانی و بجلی نے کہا کہ ملک میں توانائی بحران کے حل کے لیے جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

توانائی بحران سے نمٹنے کے لیے دیگر ذرائع پانی، بجلی اور ہوا سمیت جواہری توانائی سے بھی بجلی حاصل کرنے کے منصوبوں پر بھی کام کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جوہری توانائی کے منصوبوں پر زیادہ توجہ دی جارہی ہے۔ آئندہ سال کے وسط تک چشمہ تھری اور فور سے چھ سو اسی میگا واٹ سسٹم میں شامل ہو جائیں گے جبکہ کراچی مں ایٹمی پاور پلانٹ کے ٹو اور کے تھری پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ملک میں آبی وسائل کے ضیاع سے بڑا نقصان ہوا ہے۔ دیامر بھاشا ڈیم سمیت کئی ایسے منصوبوں سے ملکی آبی ذخائر اور بجلی کی پیداوار میں اضافے کے اقدامات کر رہے ہیں۔ اس سے قبل توانائی کانفرنس نیشنل کمانڈ اتھارٹی برائے جوہری توانائی کے مشیر ڈاکٹر عنصر پرویز، ساسی کی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ماریہ سلطان نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :