جماعت اسلامی سندھ نے جمعہ کو صوبے بھر میں احتجاج کی کال دیدی

سندھ حکومت ہاریوں کے قتل عام میں مصروف ہے، ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی

منگل 7 اپریل 2015 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) پاجماعت اسلامی سندھ کے تحت گنے اور دھان کے بعد گندم کے شتکاروں کو اپنے فصل کی مناسب قیمت نہ ملنے اور حکومتی بے حسی کیخلاف دس اپریل کو پورے سندھ میں یوم احتجاج منانے کا اعلان کردیا۔صوبائی ترجمان مجاہد چنا کے مطابق بروز جمعہ دس اپریل کو اس سلسلے میں پورے سندھ میں سندھ حکومت کے ہاری دشمن فیصلوں اور کاشتکاروں سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی ۔

جن سے جماعت اسلامی کے علاوہ دیگر سیاسی، سماجی اور کسان تنظیموں کے نمائندگان بھی خطاب کریں گے۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت ہاریوں کے قتل عام میں مصروف ہے،گنے اور چاول کے بعد گندم کے فصل کا فائدہ بھی ہاریوں کے بجائے مڈل مین کو پہنچایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

خود حکومتی اعلان کردہ گندم کے ریٹ 13سو روپے فی من خریداری پر صوبے بھر میں کہیں پر بھی عمل نہیں ہورہا ہے۔

عملی طور پر گندم نوسو روپے فی من خریدی جارہی ہے،سندھ حکومت یا محکمہ زراعت کی جانب سے باردانہ بھی من پسند اور بااثر زمینداروں کو سپلائی کیا جارہا ہے جبکہ عام کاشتکاروں کو اس سے محروم رکھا جارہا ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ جمعے کے روز ہونے والے یوم احتجاج میں بھرپور شرکت کرکے مظلوم ہاریوں سے اظہار یکجہتی اور سندھ میں زراعت کے فروغ کا عزم کیا جائے کیونکہ کسان کی خوشحالی سے ہی سندھ کی خوشحالی ممکن ہے