حلقہ NA-246 میں شفاف اور آزادانہ انتخاب کو یقینی بنانے کیلئے پاسبان کے امیدوار عثمان معظم کا چیف الیکشن کمشنر کو خط ارسال

منگل 7 اپریل 2015 19:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) امیدوار ضمنی الیکشن حلقہ NA-246اور پاسبان پاکستان جنرل سیکریٹری عثمان معظم نے چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ حلقہ NA-246میں شفاف اور منصفانہ پولنگ کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات بروئے کار لائیں جائیں تاکہ ووٹرز بغیر کسی دباؤ اور مکمل آزادی کے ساتھ اپنی پسند کے امیدوار کو ووٹ دے سکیں۔

اس سلسلے میں انہوں چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان کو خط ارسال کرکے تین اہم تجاویز بھی دی ہیں۔ عثمان معظم نے کہا ہے کہ حلقہ NA-246کی صورتحال پوری ملک کے لئے انتہائی حساس اہمیت اختیار کرتی جارہی ہے ۔ عوام اس بار آزادانہ طور پر اپنی رائے کا اظہار کرنا چاہتی ہے اور کسی دباؤ ، مداخلت ، دھونس ، دھاندلی کے بغیر بے خوف ہوکر اپنی من پسند جماعتوں کو ووٹ ڈالنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

لیکن انتخابی مہم جس انداز سے شروع ہوئی ہے اور جو واقعات جنم لے چکے ہیں اُس سے عوام کے ذہنوں میں خدشات جنم لے رہے ہیں اور یہ خوف جاگزیں ہورہاہے کہ کچھ سیاسی جماعتیں اپنی اجارہ داری برقرار رکھنے یا مسلط کرنے کے لئے لوکل گورنمنٹ اور سندھ حکومت کے ملازمین کے ذریعے عوام کے آزادی سے ووٹ ڈالنے کے حق اور اپنے نمائندہ کے چناؤ کا خواب پورا نہیں ہونے دیں گے ۔

دوسری تجویز میں انہوں نے کہاکہ مقامی حکومت اور سندھ حکومت کے ملازمین کو اگر الیکشن عملہ میں شامل کیا جاتا ہے تو یہ حقیقت سب جانتے ہیں کہ اجارہ داری رکھنے والی جماعت کے دباؤ میں یہ ملازمین آزاد ہو کر کام نہیں کرسکتے ۔ مقامی حکومت اور سندھ حکومت کے ملازمین پر مشتمل عملہ اس سیاسی جماعت سے تنظیمی وابستگی بھی رکھتا ہے اور خوف کی حالت میں بحالت مجبوری الیکشن کمیشن آف پاکستان کے احکامات کی پاسداری اور اپنے قومی فرائض کی انجام دہی میں ناکام ہونے کے باعث یہ صورتحال الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ساکھ اور ضمنی انتخابات کے حوالے سے دنیا بھر میں ملک کی بدنامی کا باعث ہوں گے ۔

تیسری تجویز میں انہوں نے کہا کہ مقامی حکومت اور سندھ حکومت میں کئی برسوں سے جو بھرتیاں ہوئی ہیں اور جاری ہیں انہیں شفاف نہیں کہا جاسکتا ۔ یہاں سفارش ، دھونس ، دھاندلی اور تعلقات کا کلچر ایک سازش کے تحت عام کیا گیا ہے ۔ اس لئے حلقہ NA-246میں مقامی و سندھ حکومت کا عملہ نا لیا جائے۔ اس حوالے سے ہماری تجویز اور استدعا ہے کہ درج بالا نکات کو مدنظر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان ، وفاقی حکومت کے ملازمین پر مشتمل الیکشن عملہ تعینات کرے تاکہ عوام پرسکون ماحول میں اور بے خوف ہو کر ووٹ ڈال سکیں ۔عثمان معظم نے امید ظاہر کی ہے کہ الیکشن کمیشن حلقہ NA-246 میں شفاف اور آزادانہ انتخاب کو یقینی بنانے کیلئے پاسبان کی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کرے گی۔

متعلقہ عنوان :