صوابی میں مسلم لیگ (ن)اورقومی وطن پارٹی کابلدیاتی انتخابات کے لئے اتحاد

منگل 7 اپریل 2015 17:13

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء)ضلع صوابی میں پاکستان مسلم لیگ (ن)اورقومی وطن پارٹی کابلدیاتی انتخابات کے لئے اتحاد ہوگیا۔اس فیصلے کا اعلان پاکستان مسلم لیگ ضلع صوابی کے صدرافتخارخان اورقومی وطن پارٹی ضلع صوابی کے چئیرمین مسعودجبارنے مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔انہوں نے کہاکہ دونوں پارٹیاں مشترکہ طورپر ان انتخابات میں حصہ لیں گی۔

اتحادکی دیگر تفصیلات دونوں پارٹیوں کی طرف سے قائم کردہ مشترکہ کمیٹی بعدمیں طے کرے گی۔انہوں نے اس عزم کااظہارکیاگیاکہ دونوں پارٹیاں عوام کی خدمت اورجمہوریت کی مضبوطی پریقین رکھتی ہیں اورسمجھتی ہیں کہ بلدیاتی انتخابات جمہوریت کی بنیادہیں اوران اداروں کے ذریعے عوام کی خدمت بہترطریقے سے کی جاسکتی ہے اس لئے دونوں پارٹیاں عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ ان انتخابات میں حصہ لیں گی۔

(جاری ہے)

ضلع صوابی کے عوام بے شمار مسائل سے دوچارہیں موجودہ حکومت نے تبدیلی کے نام پر دھوکہ دیا۔عوام کودرپیش مسائل کومشترکہ طورپربلدیاتی اداروں کے ذریعے حل کرنے، انتخابات میں سرکاری مداخلت اوردولت کے استعمال کوروکنے کیلئے تمام جمہوری پارٹیوں اورگروپوں کواس اتحاد میں شمولیت کی دعوت دیتے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ بلدیاتی انتخابات عدلیہ کی نگرانی میں کرائے جائے کیونکہ سرکاری ملازمین بہرحال حکومت وقت کے مفادات کاتحفظ کرنے پر مجبور ہوسکے ہیں اگرسرکاری ملازمین کے نگرانی میں تواسمیں دھاندلی کے امکانات کو ردنہیں کیاجاسکتا ۔

30مئی کوہونے والے انتخابات کے نتائج کااعلان 7جون کوکئے جانے پربھی حیرانی کااظہارکرتے ہوئے مطالبہ کیاگیاکہ انتخابات کے دوسرے دن سرکاری نتائج کااعلان کیاجائے۔دونوں پارٹیاں وعدہ کرتی ہے کہ عوامی مسائل کے حل اوربلدیاتی اداروں کومضبوطی کیلئے مشترکہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔