ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری سے نیشنل بینک ٹریڈ یونین فیڈریشن کے وفدکی ملاقات

منگل 7 اپریل 2015 17:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء ) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے نیشنل بینک ٹریڈ یونین فیڈریشن پاکستان کے نمائندہ وفد سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران یقین دلایا کہ دورہ کراچی کے موقع پر نیشنل بنک کے صدر سے ملاقات کر کے بنک کے ملازمین کے مسائل حل کروائے جائیں گے اور نیشنل بینک میں نئے قائم ہونیو الے اسلامک نظام بنکاری کے شعبہ میں بینک کے فوت ہو جانے والے ملازمین کے 300 بچوں کی خالی آسامیوں پر بھرتی کے علاوہ صوبائی کوٹے کے تحت بھرتیوں کو بھی یقینی بنوایا جائے گا ۔

فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمدزمان ملا خیل نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو بتایا کہ بینک انتظامیہ اپنی پاکٹ یونین بنوانے کیلئے ملازمین پر دباؤ ڈال رہی ہے اور اپیل کی کہ بینک انتظامیہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرتے ہوئے بینک میں موجود 5 صوبائی سی بی یو کو بحال رکھ کر ایک مرکزمیں تبدیل نہ کرے۔

(جاری ہے)

جس پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے یقین دلایا کہ بینک انتظامیہ سے رابطہ کر کے ملازمین کو حق رائے دہی آزادنہ طور پر استعما ل کرنے کے جمہوری حق کویقینی بنوایا جائے گا۔

جس پر فیڈریشن کے عہدیداران نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی طرف سے مسائل کے حل کیلئے کوششوں کی یقین دہانی پر اُن کا شکریہ ادا کیا ۔وفد میں نائب صدر محمد خان لہٹری ،حاجی طارق حسین ، سعید حیدر، رضوان احمد خان، اکبر یزدانی ، شبیر احمد شاہ وانی شامل تھے ۔

متعلقہ عنوان :