سعودی حکومت نے پاکستانی عوام کیلئے 200 ٹن کھجوروں کا تحفہ حکومت پاکستان کے حوالے کردیا

منگل 7 اپریل 2015 16:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) سعودی عرب نے پاکستانی عوام کیلئے 200 ٹن کھجوروں کا تحفہ حکومت پاکستان کے حوالے کردیا۔منگل کو منعقد ہونیوالی خصوصی تقریب میں سعودی سفارتخانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن جاسم محمد خالد الخالدی نے سعودی عرب کی طرف سے کھجوروں کا تحفہ ایڈیشنل سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن خسرو پرویز خان کے حوالے کیا۔اس موقع پر وزارت خارجہ اور کابینہ ڈویژن کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل سیکرٹری کابینہ ڈویژن خسرو پرویز نے حکومت پاکستان کی طرف سے سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستانی عوام کی طرف سے سعودی بھائیوں کیلئے محبت کے اظہار پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے مابین خوشگوار تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کی طرف سے کھجوروں کا تحفہ مستحق خاندانوں میں تقسیم کیلئے صوبائی حکومتوں کو بھجوایا جائیگا۔ اس موقع پر سعودی ڈپٹی ہیڈ آف مشن نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات ہیں اور مشکل کی ہر گھڑی میں سعودی قیادت اور عوام پاکستانی بھائیوں کے شانہ بشانہ ہیں۔

متعلقہ عنوان :