ماڈل ایان علی کی مدد کرنے پر افسر کا ائیر پورٹ پاس منسوخ

منگل 7 اپریل 2015 11:29

ماڈل ایان علی کی مدد کرنے پر افسر کا ائیر پورٹ پاس منسوخ

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) سپر ماڈل ایان علی کو پانچ لاکھ ڈالرز سمگل کرنے میں مبینہ مدد فراہم کرنے پر ایک سابق صدر کے پرسنل اسسٹنٹ (پی اے) کا ائیرپورٹ داخلہ پاس منسوخ کر دیا گیا۔ایک سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ ایئرپورٹ سیکورٹی فورس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ داخلہ پاس نمبر 03234 ضبط کر لیں۔داخلہ پاس کے ذریعے پی اے ملک کے تمام ہوائی اڈوں کے ہر حصے میں داخل ہونے کے مجاز تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ پی اے 14 مارچ کو بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے ذریعے دبئی جانے والی ایان کی مدد کرتے پائے گئے ، جس پر ان کا پاس منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سابق وفاقی وزیر نے بذات خود مبینہ طور پر خود کسٹم حکام سے رابطہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایان معصوم ہیں لہذا انہیں سفر کرنے کی اجازت دی جائے۔

(جاری ہے)

کسٹم حکام نے سابق وفاقی وزیر کو نظر انداز کرتے ہوئے سپر ماڈل کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے حراست میں لے لیا۔

سیکورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ پرسنل اسسٹنٹ کا داخلہ پاس منسوخ ہونے کی اطلاع ملک کے تمام ہوائی اڈوں کو دے دی گئی ہے۔ادھر ایان علی کے خلاف مقدمے کی تحقیقات کرنے والے کسٹم حکام 17 اپریل کو کسٹم سپیشل جج کی ٹرائل کورٹ میں چالان جمع کرائیں گے۔خیال رہے کہ لاہور ہائی کورٹ کا راولپنڈی بینچ پہلے ہی ایان کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست مسترد کر چکا ہے۔معاملے کی تحقیقات کرنے والے حکام ایان کے دونوں موبائل فونز کا ڈیٹا حاصل کرنے میں اب تک ناکام رہے ہیں۔ دونوں موبائل فونز ماڈل کو حراست میں لیے جانے کے فوراً بعد بلاک ہو گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :