کوئٹہ، گرمیوں کا آغاز ہوتی ہی شہر کے مختلف علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت

پیر 6 اپریل 2015 22:40

کوئٹہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء ) کوئٹہ میں گرمیوں کا آغاز ہوتی ہی شہر کے مختلف علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت ، پانی کے بحران نے شدت اختیار کرلی ۔جس کی وجہ سے شہریوں نے احتجاج کرنا شروع کردیا ۔ کوئٹہ کے دیبہ کے علاوہ بروری روڈ وحدت کالونی ، گوالمنڈی ، جوائنٹ روڈ ، سریاب ر وڈ ، سٹیلائٹ ٹاؤن ، عالمو چوک اور دیگر علاقوں میں پانی نہ ملنے کی شکایات ملی ہیں ۔

(جاری ہے)

پیر کو دیبہ کے مکینوں نے پانی کی عدم فراہمی اور واسا کے رویے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے جوائنٹ روڈ بلاک کیا اور ٹائر جلائے ۔ روڈ بلاک ہونے کے باعث ٹریفک کئی گھنٹے معطل رہی اس موقع پر مکینوں نے واسا کے خلاف زبردست نعرے بازی کی ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے پانی کی فراہمی کا سلسلہ معطل ہے جس کی وجہ سے علاقے کے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے لیکن حکام ٹھس سے مس نہیں ہورہے اگر یہی سلسلہ جاری تو احتجاج میں سختی لائیں گے ۔ وزیراعلیٰ ہاؤس اور واسا دفتر کا گھیراؤ کریں گے ۔