کوئٹہ،ایچ ای سی کے ڈائریکٹر کوالٹی انینسمنٹ سیل ڈاکٹر محمد رفیق بلوچ کا جامعہ بلوچستان کا دورہ

پیر 6 اپریل 2015 22:38

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء) ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے ڈائریکٹر کوالٹی انینسمنٹ سیل ڈاکٹر محمد رفیق بلوچ نے جامعہ بلوچستان کا دورہ کیا۔ انہوں نے جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اقبال سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر رجسٹرار محمد طارق جوگیزئی، ڈاکٹر اکرم دوست، ڈی جی انجینئرنگ فاروق بادینی اور دیگر بھی موجود تھے۔

اس دوران یونیورسٹی کے تعلیمی، تحقیقی سرگرمیوں، ترقیاتی منصوبوں، مستقبل کے پروگرامز سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور بتایا گیا کہ یونیورسٹی میں تعلیمی، تحقیقی سرگرمیوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ بڑی تعداد میں ایم فل، پی ایچ ڈی کے لئے اسکالرزنے فارم جمع کئے ہیں جو کہ ایچ ای سی کے طریقے کار کے تحت داخلہ دیئے جائیں گے اور تین سو سے زاہد تحقیقی مقالہ جات ملکی اور بین الاقوامی جرنلز میں اشاعت کی گئی ہے اور مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں ڈائریکٹر جنرل نے یونیورسٹی کے ترقیاتی منصوبوں، تعمیراتی پروجیکٹس کا جائزہ لیا۔ یونیورسٹی کے نئے تعمیر شدہ بلاکس، فارن گیسٹ ہاؤس اور باٹنیکل گارڈن کا دورہ کیا۔ شجر کاری مہم کے تحت پودالگاتے ہوئے کہا کہ جامعہ بلوچستان بڑی تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے اور یہ حوصلہ افزاء عمل ہے کہ تعمیراتی منصوبے بروقت تکمیل کے مراحل میں داخل ہے۔ انہوں نے جامعہ کی ترقی کے لئے ایچ ای سی کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ وائس چانسلر نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں یونیورسٹی کی جانب سے ایک یادگاری پورٹریٹ پیش کیا۔