داوٴد پبلک اسکول کی لڑکیوں نے بین الاقوامی مقابلے میں میدان مار لیا

پیر 6 اپریل 2015 22:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء) شہر کے انتہائی معروف اسکول داوٴد پبلک اسکول کی طالبات نے ایک بار پھر اپنی اہلیت ثابت کردی ہے اور بین الاقوامی کینگرو لنگویسٹک مقابلہ (IKLF) میں اعزاز حاصل کیا ہے ۔ اس مقابلے میں تیسری جماعت سے لیکر 10 جماعت تک کی طالبات نے شرکت کی جن میں سے 22 طالبات نے پاکستان کی سطح پر پہلی پوزیشن اور 2 طالبات نے ادارہ جاتی سطح پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔

تیسری جماعت کی 7 طالبات اور چھٹی جماعت کی 13 طالبات نے گولڈ میڈل جیتے جبکہ پانچویں اور چھٹی جماعت کی 2 طالبات نے کانسی کے میڈل جیتے۔ ان کے علاوہ سیکنڈری سیکشن سے ساتویں اور دسویں جماعت کی 2 طالبات نے بھی گولڈ میڈل جیتے۔ اس موقع پر داوٴد پبلک اسکول او لیول کی پرنسپل مہوش روشانی نے بتایا کہ ہماری طالبات کی یہ ہمارے لئے باعث فخر ہے ۔

(جاری ہے)

یہ اساتذہ کی کاوش ہے جنہوں نے طالبات کی مدد کی اور انہیں رہنمائی فراہم کی تاکہ ان کی مہارتوں کو نکھارا جائے جس کے یہ شاندار نتائج ملے ہیں۔ اس موقع پر میں اپنے اساتذہ کا شکریہ ادا کروں گی جن کی بھرپور محنت وصول ہوگئی۔ ہم ایسی دلچسپ ذہنی سرگرمیوں پر یقین رکھتے ہیں جو بچے کے شعوری نشونما کے لئے انتہائی اہم ہوں اور ہم اس طرح کے مقابلوں میں شرکت جاری رکھیں گے۔

ہم جانتے ہیں کہ ہماری طالبات باصلاحیت ہیں اور ان میں موجود استعداد ہرگز کسی سے کم نہیں۔بین الاقوامی کینگروز لنگویسٹک مقابلہ (International Kangaroo Linguistic Contest)پاکستان میں پہلی بار منعقد ہوا جس کا اہتمام کینگروز سانس فرنٹیئرز۔ پاکستان (KSF Pakistan)کی جانب سے کیا گیا۔ کے ایس ایف پاکستان دنیا بھر کے ماہرین تعلیم کے تجربہ کو ایک جگہ جمع کرتا ہے۔ اس کا مقصد ہے کہ ایسے کلچر کو فروغ دیا جائے جس میں اہم اور واضح سوچ کے علاوہ اچھی ابلاغی صلاحیتیں بھی ہوں۔ ان مقابلوں کا مقصد اسکول کے بچوں کو اپنی زندگی کے ابتدائی دور میں ہی بین الاقوامی سطح پر اپنے آپ کو منوانا ہے۔