جماعت اسلامی کے تحت اتوار 12اپریل کو شاہراہ پاکستان عائشہ منزل پر ایک عظیم الشان جلسہ عام کیا جائے گا

پیر 6 اپریل 2015 21:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اور NA/246 میں جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار راشد نسیم نے کہا ہے کہ23اپریل سے کراچی میں حقیقی تبدیلی اور شہر کی نیک نامی کا سفر شروع ہوگا ۔23اپریل کو اگر اس حلقے کے عوام کو آزادانہ طور پر اپنی رائے کے اظہار کا موقع ملے تو عوام شہر کو بدنام کرنے اور اس شہر کے اصل چہرے کو بگاڑنے والوں کو مسترد کردیں گے ۔

وہ پیر کو حسین آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے،قبل ازیں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی کے تحت اتوار 12اپریل کو شاہراہ پاکستان عائشہ منزل پر ایک عظیم الشان جلسہ عام منعقد ہوگا ،جس سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق خصوصی خطاب کریں گے جبکہ ہفتہ 11اپریل کو سراج الحق عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں شہر بھر کا دورہ کریں گے اور ان کی قیادت میں کارواں نکالا جائے گا ، اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع وسطی کے امیر منعم ظفر خان ، ضلع شرقی کے امیر یونس بارائی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں راشد نسیم نے علاقے کے عوام اور دکانداروں سے ملاقاتیں کیں اور ہینڈ بل بھی تقسیم کئے ۔ راشد نسیم نے کہا کہ سیاست میں تحمل رواداری اور برداشت کی ضرورت ہے ، شہر کے اندر نفرتیں اور دوریاں بہت پھیل چکی ہیں اور اب امن ، اخوت اور محبت کی بات کرنی چاہیے اور تمام سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ حالات کو ٹھنڈا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔

موجودہ حالات میں حلقہ این اے 246ایک میدان جنگ کا نقشہ پیش کررہا ہے ،ہر طرف گرد و غبار اڑ رہا ہے ۔ انھوں نے کہاکہ اس حلقے کے عوام حالات کا جائزہ لے رہے ہیں اور پلٹ رہے ہیں ،ضرورت اس بات کی ہے کہ انھیں آزادانہ اور پر امن طریقے سے اپنی رائے کے اظہار کا موقع ملے ۔ یہ حلقہ ماضی میں سرمایہ داروں ، وڈیروں اور جاگیرداروں کی چراگاہ بنا رہا ہے ، کبھی اندرون سندھ سے اور کبھی کہیں اور سے آنے والے یہاں کے نمائندے بن بیٹھے ، بدقسمتی سے اس حلقے کو اپنا نمائندہ نصیب نہ ہوسکا ۔

یہاں کے لوگوں کو ایسا نمائندہ ملنا چاہیے جو یہاں ان کے ساتھ رہتا ہو، ان کے گلی کوچوں میں ان کے مسائل اور حالات سے واقفیت رکھتا ہو ۔ راشد نسیم نے کہا کہ تبدیلی کی خواہش صرف اس حلقے اور اس شہرکی نہیں بلکہ پورے پاکستان کے اندر موجود ہے اور حقیقی تبدیلی سے ہی اس شہر اور ملک کی تقدیر بدلے گی ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی نے کراچی کے عوام کی جو خدمت کی ہے وہ کراچی کے عوام کے سامنے ہے ، کراچی کے تمام طبقات جماعت اسلامی کی خدمات سے واقف ہیں ، جماعت اسلامی نے شہر میں ہسپتال ،کلینک اور تعلیمی ادارے قائم کیے ہیں ،کئی مقامات پر واٹر فلٹریشن پلانٹ لگائے ہیں ۔

عبدالستار افغانی اور نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ کے دور میں جماعت اسلامی نے ایمانداری اور دیانت داری کے ساتھ جو خدمت کی ہے اور شہر میں جو ترقیاتی کام ہوئے ہیں وہ مثالی ہیں ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں شہر کے تما م مذہبی طبقات جماعت اسلامی کے ساتھ ہیں ، جماعت اسلامی ہی کراچی کے عوام کی تقدیر بل سکتی ہے ، انھوں نے کہا کہ 2013ء کے عام انتخابات بھی بوگس ووٹر لسٹوں کے ساتھ ہوئے ،آج بھی وہی ووٹر لسٹیں ہیں ،یہ ووٹر لسٹیں یونٹ آفس اور سیکٹر آفس میں تیار کی گئیں اور جن کے بارے میں سپریم کورٹ بھی واضح طور پر کہہ چکی ہے کہ ان ووٹر لسٹوں کو کالعدم قرار دیا جائے اور درست ووٹر لسٹیں بنائی جائیں لیکن نہ پہلے اس جانب کوئی توجہ دی گئی اور نہ اب دی جارہی ہے ،انہوں نے کہا کہ پولنگ کے عملے میں اگر بلدیاتی اداروں کے لوگوں کو شامل کو شامل کیا گیا تو یہ جانبدارانہ عمل ہوگا ۔

پورے حلقے میں غیر جانبدارانہ پولنگ عملہ مقرر کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس حلقے کے عوام جماعت اسلامی کی عوامی خدمات کی وجہ سے ہمارا ساتھ دیں ، ترازو کو ووٹ دیں اور راشد نسیم کو کامیاب بنائیں جو آپ کے درمیان ہی رہتے ہیں اور عوام کے دکھ اور درد کو سمجھتے ہیں ۔