پاکستان اور چین دیرینہ اور آزمائے ہوئے دوست ہیں،مظفرسید ایڈوکیٹ

کمیٹی چینی فرم کے ساتھ تعاون کیلئے شعبوں کی نشاندہی اور باقاعدہ معاہدے کیلئے راہ ہموار کرے گی،صوبائی وزیرخزانہ مظفرسید ایڈووکیٹ

پیر 6 اپریل 2015 21:04

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء) صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین دیرینہ اور آزمائے ہوئے دوست ہیں اس لئے صوبائی حکومت چین کے ساتھ باہمی تعاون کے امکانات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اوروہ اسے عملی جامہ پہنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چینی فرم ہواوے ٹیکنالوجیز کے ایک وفد سے سول سکرٹریٹ پشاور میں ایک ملاقات کے دوران کیا۔

وفد کی قیادت فرم کے نائب صدر جیکی جنگ کر رہے تھے۔ اس موقع پر خزانہ، داخلہ اور ہاؤسنگ کے محکموں کے اعلیٰ حکام موجود تھے۔وفد نے پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کو سمندر سے گہرا اور پہاڑ سے بلند قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہواوے کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور دنیا کی ایک تہائی آبادی کو خدمات فراہم کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

وفد نے صوبائی حکومت کے ساتھ سٹریٹیجک روابط استوار کرنے میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے کمیونیکشن ٹیکنالوجی ، تعلیم اور استعداد کار بڑھانے کے شعبوں کی ترقی کیلئے اپنی خدمات پیش کیں۔ اس موقع پر محکمہ خزانہ کے ایڈیشنل سیکرٹری کی قیادت میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی۔ کمیٹی چینی فرم کے ساتھ تعاون کیلئے شعبوں کی نشاندہی اور باقاعدہ معاہدے کیلئے راہ ہموار کرے گی۔ وزیر خزانہ نے فرم کے نمائندوں اور متعلقہ محکموں کے حکام پر مشتمل اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کی۔وزیر خزانہ نے کہاکہ صوبائی حکومت وفد کی پیشکش کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور اسکو عملی بنانے میں حا ئل رکاوٹوں کو دور کرنے کی یقین دہانی کی۔

متعلقہ عنوان :