خیبرپختونخوا اسمبلی میں پشاورکے نجی ہسپتالوں کی کارکردگی پر شدید تنقید

نارتھ ویسٹ اور رحمان میڈیکل ہسپتال خیراتی کاموں کے بجائے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں

پیر 6 اپریل 2015 21:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء) خیبرپختونخوااسمبلی میں حکومت اوراپوزیشن اراکین نے صوبے کے سب سے بڑے نجی ہسپتالوں نارتھ ویسٹ اور رحمان میڈیکل ہسپتال کی کارکردگی پر شدید تنقیدکرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ہسپتال خیراتی کاموں کے بجائے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں حتی کہ کسی کی ہسپتال میں مرنے کے بعد لاش کو اس وقت تک حوالے نہیں کرتے جب تک اسکے بلوں کی ادائیگی نہیں ہوتی۔

صوبائی اسمبلی کے دوران تحریک انصاف کے رکن اسمبلی ارباب جہاندادنے تحریک التواء پیش کرتے ہوئے کہا کہ دوماہ قبل پشاورحیات آباد میں امام بارگاہ کے اندر خودکش دھماکوں کے بعد قریبی واقع دونجی ہسپتال نارتھ ویسٹ اور رحمن میڈیکل ہسپتال زخمیوں کو نہیں لے رہے تھے اور اس حوالے سے وہ مکمل طو رپرانکاری تھے انہوں نے کہاکہ اس واقعے کے علاوہ ان دونوں ہسپتالوں نے لوٹ مارمچادی ہے اوراس وقت تک کسی کو ہسپتال میں مرنیوالے کی لاش حوالے نہیں کرتے جب تک انکے بلوں کی ادائیگی نہیں ہوتے یہ انسانیت کی تذلیل ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کئی اپوزیشن اراکین نے بھی ارباب جہانداد کی حمایت کی وزیراعلیٰ کے مشیر برائے پارلیمانی امورعارف یوسف نے ایوان کوبتایاکہ نارتھ ویسٹ اور آرایم آئی کا رویہ انتہائی غلط ہے ہیلتھ کمیشن کے ذریعے ان دونوں ہسپتالوں کی کارکردگی کی جانچ پڑتال کی جائیگی گزشتہ ماہ کے اوائل میں ان کو ہیلتھ کمیشن کی جانب سے نوٹس بھی بھیجاگیاتھا لیکن انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا اس لئے اب فوری طور پر وزارت قانون کوہدایات جاری کی جاتی ہیں کہ وہ اس معاملے کا باریک بینی سے مشاہدہ کرے کہ ان دونوں ہسپتالوں نے تعمیرکے وقت حکومت کے ساتھ جومعاہدہ کیاتھا اور ان کو جس مد میں پلاٹ الاٹ کئے گئے تھے ان میں خیراتی اور فلاحی کاموں کاکتنا فیصدبنتاہے۔

تحریک التواء کو قائمہ کمیٹی کے حوالے کردیاگیا۔

متعلقہ عنوان :