پاکستان نے سری لنکا کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا تہیہ کررکھاہے ، دونوں ممالک مابین باہمی تعاون تجارتی اور معاشی رابطوں کو مزیدمضبوط کیاجاسکتاہے

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سری لنکا کے صدر سے ملاقات میں گفتگو

پیر 6 اپریل 2015 20:48

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء ) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہاہے کہ پاکستان نے پارلیمانی رابطوں اور معاشی تعاون کے ذریعے سری لنکا کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا تہیہ کررکھاہے ، دونوں ممالک باہمی تعاون اور اپنے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے تجارت اور معاشی رابطے مزید مستحکم کرسکتے ہیں۔ وہ پیر کو یہاں سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سیناسے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔

خوشگوار ماحول میں ہونے والی اس ملاقات میں دونوں ملکوں کی دلچسپی کے باہمی امور زیر بحث آئے اور یہ بھی وضع کیا گیا کہ پہلے سے موجود تعلقات کو کیسے مضبوط اور توانا کیا جاسکتا ہے۔ اسپیکر نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا اعتماد ، باہمی عزت اور گہری دوستی کے رشتوں سے بندھے ہوئے ہیں جوکہ تاریخ کے مختلف ادوار میں ہمیں دکھائی دیتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان نے اس بات کا تہیہ کر رکھا ہے کہ پارلیمانی رابطوں اور معاشی تعاون کے ذریعے سری لنکا کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کیا جاسکے۔

سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا نے اسپیکر قومی اسمبلی کے جذبات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور چاہتی ہے کہ مختلف شعبوں میں ان تعلقات کو مزید وسعت دی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک باہمی تعاون اور اپنے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے تجارت اور معاشی رابطے مزید مستحکم کرسکتے ہیں ۔انہوں نے حکومت پاکستان کی جانب سے کیے جانے والے ان اقدامات کو بھی سراہا جس کے ذریعے سری لنکا میں جاری تین دہائیوں سے دہشت گردی جیسے ناسور کو ختم کرنے میں معاونت کی گئی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سری لنکا مختلف شعبوں میں تعاون کے اس عمل کو جاری رکھے گا ۔