Live Updates

تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کا استعفے دئیے جانے کے 8مہینے بعد واپسی آئین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے،نوید قائم خانی

پیر 6 اپریل 2015 19:13

ٹنڈو الہ یار(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ ٹنڈو الہ یار زون کے زونل انچارج نوید قائم خانی و اراکین زونل کمیٹی نے تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کی جانب سے استعفے دئیے جانے کے آٹھ مہینے بعد اسمبلیوں میں واپسی کے عمل کو ملکی آئین کی کھلم کھلا خلاف ورزی قرار دیا ہے ۔ اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے مزید کہا ہے کہ آزادی مارچ کے دوران تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے اسمبلیوں کو تواتر کے ساتھ غیر قانونی قرار دیا جاتا رہا ۔

اور ان اسمبلیوں میں موجود اراکین کی اہلیت اور قابلیت پر بھی متعدد مواقع پر سوالات اٹھائے جاتے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی کی بنیاد پر قائم اسمبلیاں ایک کمیشن کے قیام کی بدولت درست ہو چکی ہیں۔

(جاری ہے)

اور تحریک انصاف کی جانب سے ماضی میں لگائے جانے والے تمام تر الزامات کی ذمہ داری آج کوئی بھی فرد لینے کو تیار نہیں ہے۔انہوں نے کہ آئینی طور پر کسی بھی رکن اسمبلی کی جانب سے استعفیٰ پیش کئے جانے کے بعد وہ نشست خالی تصور کی جاتی ہے ۔

اور خالی نشست پر ضمنی انتخابات کے ذریعے پھر سے الیکشن کروا کر نئے ممبران منتخب کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سیاسی مصلحتوں کی بناء پر تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کے استعفوں کو منظور کرنے سے گریز کیا ۔ اور مختلف حیلوں کے ذریعے استعفوں کی منظوری کے عمل کو لٹکایا جاتا رہا۔ اور آج جوڈیشنل کمیشن کے قیام کے ذریعے تحریک انصاف کی اسمبلیوں میں واپسی کی راہ ہموار کی جارہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ایک غیر قانونی عمل کے ذریعے تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کو اسمبلیوں میں بیٹھنے کی اجازت دینا آئین و قانون کی سنگین خلاف ورزی میں شمار ہوتا ہے ۔ اس عمل کے نتیجے میں عوا م یہ سوچنے پر مجبور ہو چکے ہیں کہ حکومت کی نظروں میں آئین ، قانون اور جمہوریت کی وقعت ذرہ برابر بھی نہیں رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ذاتی مفادات اور اپنی اناء کی تسکین کی خاطر عوام کے جذبات سے کھیلنے کا عمل فوری طور پر بند کیا جائے ۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان عوام کی ساتھ کی جانے والی غلط بیانیوں اور غلط پالیسیاں اختیار کرنے پر پوری قوم سے اعلانیہ معافی مانگیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات