امن کمیٹی کی طرح بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے ڈویژنل سطح پر بھی اجلاس بلائیں گے ‘عبداللہ خان سنبل

پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگ اس ملک میں امن اور اس کی سلامتی کے خواہاں ہیں‘کمشنر لاہور ڈویژن

پیر 6 اپریل 2015 19:12

لاہو (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء ) کمشنر لاہور ڈویژن عبدالله خان سنبل نے کہا ہے کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کی ہمیشہ اور ہر جگہ ضرورت ہے مگر ہمارے ملکی حالات کے تناظر میں یہ ضرورت کئی گنا ہو چکی ہے،پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگ اس ملک میں امن اور اس کی سلامتی کے خواہاں ہیں اور ہم نے اسی ہم آہنگی کی فضا کو مزید استحکام دینا ہے۔

کمشنر لاہور ڈویژن عبدالله خان سنبل نے ان خیالات کا اظہار بین المذاہب ہم آہنگی برائے امن فاؤنڈیشن پاکستان کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا- اجلاس میں ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان اور مرکزی صدر فاؤنڈیشن حافظ لیاقت علی ضیاء، معروف کالم نگار ڈاکٹر سجاد، مفتی سید عاشق حسین، سید نوبہار شاہ چیئرمین شیعہ پولیٹیکل پارٹی، ارون کمار ہندو کونسل، آکاش سنگھ سکھ کونسل و روزی اکرم مسیح کونسل اور وفد میں شامل فاؤنڈیشن کے دیگر اہم عہدیداران نے شرکت کی-انہوں نے کہا کہ اس اجلاس میں شریک تمام افراد کے خلوصِ نیت سے یہ اندازہ کرنا مشکل نہیں ہے بہت جلد ہمارا ملک امن کا گہوارہ بن جائے گا۔

(جاری ہے)

کمشنر لاہور نے کہا کہ مسلمان، ہندو، مسیحی، پارسی، سکھ و دیگر ایک دوسرے کے مذاہب کا نہایت احترام کرتے ہیں اور دوسرے کے مذاہب کا احترام کرنا ہی اصل مذہب ہے- کمشنر لاہور عبدالله خان سنبل نے کہا کہ وہ امن کمیٹی کی طرح بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے ڈویژنل سطح پر بھی اجلاس بلائیں گے اور وہ اس حوالے سے مزید اقدامات کیلئے حکامِ بالا سے بھی بات کریں گے۔

متعلقہ عنوان :