مدارس و مساجد کی خود مختاری پر آنچ نہیں آنے دیں گے، پیر سیف الرحمن درخواستی

کراچی آپریشن جمہوریت کے لیے خوش آئند ہے،الطاف حسین کو انٹر پول کے ذریعے پاکسان لایا جائے ،راجن پورمیں خطاب

پیر 6 اپریل 2015 18:32

راجن پور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سر پرست اعلیٰ پیر سیف الرحمن درخواستی نے کہاہے کہ مدارس و مساجد کی خود مختاری پر آنچ نہیں آنے دیں گے مدارس و مساجد اسلام کے قلعے ہیں نظریہ پاکستان کے محافظ امن و سلامتی کے علمبردار ہیں انہوں نے کہا پاکستان فوج اور پاکستان رینجرز کی جرا ت و عظمت کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے MQMکے مرکز پر چھاپہ مار کر بڑی تعداد میں نا جائز اسلحہ اور دہشت گردوں کو پکڑا ہے جس کی وجہ سے آج کراچی امن کا گہوارہ بن چکا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے خان پور ،بہاولپور ،کہروڑ پکا ،میلسی ،ملتان ،تونسہ ،وہوا،کوٹ ادو،کوٹ چھٹہ ،جام پور کے چار روزہ تبلیغی اصلاحی دورے سے واپسی کے بعد جامعہ شیخ درخواستی راجن پور میں علماء کرام کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صوبائی ترجمان مولانا عبدالصمد درخواستی ،صاحبزادہ رحمت الرحمن درخواستی ،مفتی قمر ڈیروی ،مولانا صداقت دریشک ،مولانا عبدالرحیم گبول ،قاری محمد یوسف ،مولوی اسماعیل گبول،مفتی صدیق مزاری ،مولوی سیف الرحمن بھٹی ،سید حبیب الرحمن شاہ ،قاری محمد زبیر و دیگر علماء کثیر تعداد میں موجود تھے ۔

(جاری ہے)

پیر سیف الرحمن درخواستی نے کہا کراچی آپریشن جمہوریت کے لیے بھی خوش آئند ہے اس سے ملک میں سیاست بندو ق کی بجائے پر امن طریقے سے آگے بڑھے گی جو ملک و ملت ک لیے نیک فال ہے انہوں نے کہا حالات کا تقاضہ ہے کہ عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کے لیے الطاف حسین کو انٹر پول کے ذریعے پاکسان لایا جائے اور ان پر بے گناہ انسانوں کے قتل کے مقدمات چلائے جائیں انہوں نے کہا دہشت گرد مجرم ہے خواہ وہ کسی کالج یا یونیورسٹی یا کسی مدرسے کا پڑھا ہوا ہو بلا تفریق دہشت گردوں کے خلاف کاروائی ہونی چاہیے کراچی میں امن پور ی قوم کا مطالبہ ہے انہوں نے کہا کراچی منی پاکستان ہے جس میں نہ صرف پاکستان بلکہ عالم اسلام کے کئی ممالک کے لوگ آباد ہیں اب وقت آگیا ہے کہ روشنیوں کے شہر کو تاریکیوں سے نجات دلائی جائے ۔