چیئرمین سینیٹ نے خود کو احتساب کیلئے پیش کر دیا

3سال بعد میری سبکدوشی پر ارکان میرے اثاثوں میں کمی بیشی کا جائزہ لے سکیں گے، پارلیمنٹ کے وقارکا تحفظ کروں گا، سول بیورو کریسی کو پارلیمان کے سامنے سر جھکانا ہو گا، رواں سیشن میں قائمہ کمیٹیاں تشکیل دے دی جائیں گی ، سینیٹ اجلاس کے دوران متعلقہ وزارتوں کے کم از کم ایک جوائنٹ سیکرٹری کی آفیشل گیلری میں موجودگی ضروری ہو گی چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کا نئے پارلیمانی سال کے آغاز پر سینیٹ میں خطاب

پیر 6 اپریل 2015 18:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے اپنے مالیاتی اثاثے ایوان میں پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خود کو ایوان میں احتساب کیلئے پیش کرتے ہیں،3سال بعد میری سبکدوشی پر ارکان جائزہ لے سکیں گے کہ میرے اثاثوں میں کیا کمی پیشی ہوئی، انہوں نے کہا کہ سینیٹ اجلاس کے دوران متعلقہ وزارتوں کے کم از کم ایک جوائنٹ سیکرٹری کی آفیشل گیلری میں موجودگی ضروری ہو گی، گیلری میں داخل ہونے سے قبل وہ حاضری لگانے کے پابند ہوں گے، حاضری میں خود چیک کروں گا، پارلیمنٹ کے وقارکا تحفظ کروں گا، سول بیورو کریسی کو پارلیمان کے سامنے سر جھکانا ہو گا، رواں سیشن میں قائمہ کمیٹیاں تشکیل دے دی جائیں گی۔

وہ پیر کو سینیٹ کے نئے پارلیمانی سال کے آغاز پر ایوان میں خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ متفقہ طور پر اپنے چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر تمام سیاسی جماعتوں کے شکرگزار ہیں، بلامقابلہ انتخاب نے میرے کندھوں پر ذمہ داریوں میں اضافہ کر دیا ہے، میں تمام ممبران کو یقین دلاتا ہوں کہ میں غیر جانبدار رہوں گا، میں اپنی پارٹی کا ایڈیشنل سیکرٹری جنرل تھا لیکن منصب سنبھالنے کے بعد استعفیٰ دے دیا ہے، میں اپنے اثاثوں کا بھی تحریری ریکارڈ فلور پر پیش کرتا ہوں تا کہ تمام ممبران اسے دیکھ سکیں، جب میں سبکدوش ہوں گا تو ارکان جائزہ لے سکیں کہ میرے اثاثوں میں کتنا اضافہ ہوا ہے، امید ہے کہ نئے ارکان پارلیمانی روایات میں اچھے اضافے کا باعث بنیں گے، سینیٹ کا ماحول مختلف ہے، اختلافات کے باوجود انکا اظہار ہم مہذب انداز میں کرتے ہیں، ارکان کو ایک فولڈر دیا جائے گا جس میں آئین اور رولز کی کتاب سمیت سابق رولز بارے معلومات شامل ہوں گی، متعدد رولز کا ایک کتابچہ بھی اس میں شامل ہو گا، ارکان کو اس سے کارروائی بارے مدد ملے گی، کارروائی کے دوران بالخصوص وقفہ سوالات کے دوران جس وزارت کا بزنس زیر غور ہو گا، اس کا ایک آفیسر کم از کم جوائنٹ سیکرٹری کا موجود ہونا ضروری ہو گا، اس کیلئے آفیشل گیلری میں آنے سے پہلے حاضری لگانا ضروری ہو گا، میں خود حاضری چیک کروں گا، اس حوالے سے تمام وزارتوں کو خط لکھ دیا گیا ہے، میں پارلیمنٹ کے وقار کا تحفظ کروں گا، سول بیورو کریسی کو پارلیمنٹ کی بالادستی تسلیم کرنا ہو گی، پارلیمنٹ کی روح قائمہ کمیٹیاں ہیں، ممبران 8اپریل تک اپنے پارلیمانی قائدین کو اپنی دلچسپی سے آگاہ کر دیں تا کہ رواں سیشن کے دوران قائمہ کمیٹیاں قائم کر دی جائیں، بزنس ایڈوائزری میں طے پایا ہے کہ پارلمینٹ کے مشترکہ اجلاس کی صورت میں سینیٹ کا اجلاس جمعہ تک ملتوی کر دیاجائے اگر مشترکہ اجلاس جلدی ختم ہو گیا تو سینیٹ جلد بلالیا جائے گا۔

(اح+ع ع)