ملک میں اسلامی بنکاری کو فروغ دینے کیلئے سفارشات

پیر 6 اپریل 2015 17:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء) سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے ملک میں اسلامی بنکاری کو فروغ دینے کیلئے سفارشات تیار کر لی۔ سفارشات کا مقصد اسلامی مالیاتی پراڈکٹس میں شرعی قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے، روڈ میپ کے تحت اسلامی مالیاتی مارکیٹ کی سرگرمیاں جیسے کہ، تکافل، مضاربہ، اسلامک میوچل فنڈز، اسلامک پینشن فنڈز، اسلامک رئیل اسٹیٹ انوسٹمنٹ ٹرسٹ، اسلامی مالیاتی ادارے (بینکنگ کے علاوہ)، شرعی کمپنیاں (غیر مالی)، کمپنیز، اسلامک مصنوعات و خدمات کے لئے یکساں شرعی ریگولیشن بنانا اور ان پر عمل درآمد کا نظام وضح کرنا ہے۔

چیئرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی پاکستان میں اسلامک فنانشل انڈسٹری کے فروغ میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں اور اس مقصد کے لئے اسلامک فنانس ڈیپارٹمنٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ ڈیپارٹمنٹ براہ راست چیئرمین ایس ای سی پی کی نگرانی میں کام کر رہا ہے۔ اسلامک فنانس ڈیپارٹمنٹ، سیکیورٹیز مارکیٹ ڈویثرن کی مشاورت سے کراچی سٹاک ایکس چینج میں ایک شرعی انڈیکس کو متعارف کروانے کیلئے کام کر رہا ہے۔

ایس ای سی پی نے حال ہی میں مضاربہ اور اسلامی مالیاتی مارکیٹ میں اصلاحات لانے کے لئے اپنی سفارشات پاکستان میں اسلامک بینکنگ کے فروغ کے لئے قائم سٹیرنگ کمیٹی کو پیش کردہ ہیں جبکہ کمیٹی نے رپورٹ وزارت خزانہ میں جمع کروا دی ہیں۔ سٹیرنگ کمیٹی کی سفارشات کے نفاذ کے علاوہ سٹیٹ بینک آف پاکستان اور ایس ای سی پی کا مشترکہ فورم بھی قائم کیا گیا ہے جو کہ تکافل انڈسٹری کے فروغ پر توجہ دے رہا ہے۔ یہ مشترکہ فورم مضاربہ اور سکوک کی وساطت سے بھی اسلامی بینکنگ کو فروغ دینے کی کوشش کر رہا ہے۔