خضدار سے گوادر کاشغر کوریڈور بین الاقوامی شاہراہ کا گزرنا یہاں کے عوام کیلئے خوش قسمتی ہے، ڈپٹی کمشنر خضدار

پیر 6 اپریل 2015 16:53

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء )ڈپٹی کمشنر خضدار سید عبدالوحید شاہ نے کہاہے کہ خضدار سے گوادر کاشغر کوریڈور بین الاقوامی شاہراہ کا گزرنا یہاں کے عوام کے لئے خوش قسمتی ہے۔اس طویل شاہراہ کی تعمیر سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی اور لوگوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے ۔ اس سے قبل ڈسٹرکٹ کونسل خضدار کے ممبر و مسلم لیگ (ن)کے رہنماء جمعہ خان شکرانی نے ڈپٹی کمشنر خضدار سے ان کے دفتر میں ملاقات کی ۔

اس موقع پر ایپکا رہنماء صابرحسین قلندرانی جنرل سیکریٹری محمد اسلم زہری اور مسلم لیگ (ن)کے رہنماء جاوید احمد سوز بھی موجود تھے ۔ جمعہ خان شکرانی نے بتایاکہ گوادر رتوڈیرو کھوڑی سیکشن پر کام کرنے والے مزدوروں کے کروڑوں روپے کنٹریکٹر کمپنیوں کے ذمے واجب الادا ہیں ۔

(جاری ہے)

اور وہ مزدوروں کو ادا نہیں کررہی ہیں ، کمپنیوں پر یہ دباؤ ڈالا جائے کہ وہ لیبر کے بقایاجات ادا کریں جمعہ خان شکرانی نے کہاکہ اگر متعلقہ کمپنیوں نے مزدوروں کو ان کی بقایاجات نہیں دی تو احتجاج پر مجبور ہونگے ۔

۔ ڈپٹی کمشنر نے یہ یقین دلایا کہ وہ اعلیٰ حکام سے اس متعلق بات کریں گے ۔اور کوشش کی جائیگی کمپنیوں کو اس بات پر مجبور کیا جاسکے کہ وہ لیبر کی بقایاجات ادا کریں۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ اس قومی شاہراہ کی جتنی جلدی ممکن ہو تعمیر مکمل کی جائے تاکہ آمد و رفت کی سہولت کے ساتھ کاروبار کے زیادہ مواقع میسر آجائیں ۔