سندھ کے ہاریوں، چھوٹے زمینداروں اور کاشتکاروں کو صوبائی محکمہ خوراک کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑسکتے ،علی اکبر گجر

پیر 6 اپریل 2015 16:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء) حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے ہاریوں، چھوٹے زمینداروں اور کاشتکاروں کو صوبائی محکمہ خوراک کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتی․ سندھ کے کاشتکاروں کو گنے کی خریداری میں ہونے والے نقصانات کا معاوضہ دلوانے کے ساتھ ساتھ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ گندم کی فصل کی سرکاری خریداری بارشوں کے نئے سلسلے کی سندھ میں آمد سے پہلے مکمل کی جائے سندھ کے کاشتکاروں کو بھاری مالی نقصان سے بچانے کے لئے بارشوں کے نئے سلسلے کے آغاز سے پیشتر سندھ کے کاشتکاروں کی گندم کی فصل کی سرکاری خریداری یقینی بنائی جائے․ سیاسی جوڑ توڑ میں مصروف صوبائی حکومت نے سندھ کے کاشتکاروں کے ساتھ اپنا رویہ تبدیل نہ کیا تو سرسبز و شاداب سندھ گھمبیر قحط میں مبتلا ہو سکتا ہے․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے سندھ میں گندم کی فصل کی سرکاری خریداری میں تاخیری حربوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گندم کی خریداری میں تاخیر سندھ کے کاشتکاروں کو سڑکوں پر آنے پر مجبور کردے گی․صوبے کی زراعت پر توجہ نہ دی گئی تو سندھ میں بھوک اور افلاس کے ڈیرے بن جائیں گے ․صوبائی حکمرانوں نے سندھ کے کاشتکاروں کے مسائل پر توجہ نہ دی تو سر سبز سندھ صحرا میں تبدیل ہونے کا خطرہ بڑھ جائے گا․سندھ کی زراعت کو سیاسی مفادات کی بھینٹ چڑھانے کا سلسلہ بند نہ ہوا تو صوبے کی معیشت کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں․ گنے کے کاشتکاروں کو نقصانات پنچانے والے اب گندم کی پیداوار کا خاتمہ چاہتے ہیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے سندھ کے کاشتکاروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت دانستہ طور پر ایسے عناصر کے ہاتھوں میں کھیل رہی ہے جو سندھ کی زرعی زمینوں پر بھی پلازے اور ہاؤسنگ سوسائٹیاں قائم کرنا چاہتے ہیں ․ صوبے کے کاشتکاروں اور چھوٹے زمینداروں کے مسائل پر توجہ نہ دی گئی تو آئندہ چند سالوں بعد سندھ کے عوام کو شدید قحط سالی کا سامنا کر نا پڑ سکتا ہے․ سندھ کے چھوٹے زمینداروں، ہاریوں اور کاشتکاروں کی شب و روز محنت سے پیدا کردہ لاکھوں ٹن گندم کھلے آسمان تلے پڑی حکومت سندھ کی توجہ کی منتظر ہے․ بارشوں کے نئے سلسلے کے آغاز سے پیشتر سندھ حکومت نے گندم کی فصل کی خریداری مکمل نہ کی تو سندھ کے لاکھوں کاشتکار گندم کی فصل کی تباہکاری کی وجہ سے بھاری مالی نقصان کا شکار ہو سکتے ہیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی صوبائی قیادت کا مطالبہ ہے کہ بارشوں کے نئے سلسلے کے آغاز سے قبل سندھ حکومت نے کاشتکاروں کی گندم کی فصل کی سرکاری خریداری مکمل کرے تاکہ سندھ کے کاشتکار اگلی فصل کے لئے ضروری اقدامات کے قابل ہو سکیں․ سندھ کے محکمہ خوراک نے گندم کی سرکاری خریداری میں مزید تاخیر کا مظاہرہ کیا تو پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کی قیادت اور کارکنان سندھ کے ہاریوں، کاشتکاروں اور چھوٹے زمینداروں کے ساتھ کھڑے ہونگے․

متعلقہ عنوان :