حکومت نے بر سر اقتدار آتے ہی تعلیم کو اپنی ترجیحات میں رکھا،سابق حکومتوں نے بہتری کیلئے کوئی توجہ نہیں دی،میر رحمت بلوچ

پیر 6 اپریل 2015 16:48

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء) صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے بر سر اقتدار آتے ہی تعلیم کو اپنی ترجیحات میں رکھاسابق حکومتوں میں تعلیم کی ترقی اور اسکے معیار کی بہتری کیلئے کوئی توجہ نہیں دی گئی تھی موجودہ حکومت کو ورثے میں تباہ شدہ تعلیمی نظام ملا جسکی بہتری کیلئے سنجیدہ کوششیں جاری ہیں حکومت صوبے کے تمام علاقوں میں مفت تعلیم کی فراہمی کیلئے شب و روز مصروف عمل ہے۔

یہ بات انہوں نے پیر کو اپواء گرلز اسکول میں ایکسل ٹیکنالوجی انفارمیشن کی جانب سے بنائی جانے والی کمپیوٹر لیب کی افتتاحی تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کہی تقریب سے ڈپٹی میئر کوئٹہ محمد یونس بلوچ ، ایکسل ٹیکنالوجی انفارمیشن کے طلحہ شاہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ ہماری بھر پور کوشش ہے کہ تعلیم کے میدان میں بچوں کی بھر پور حوصلہ افزائی کریں تاکہ وہ پڑھ لکھ کر ملک وقوم کا نام روشن کریں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی پہلی ترجیح پڑھا لکھا اور صحت مند بلوچستان ہے جس کیلئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر مالک بلوچ نے اقتدار سنبھالتے ہی تعلیم کا بجٹ 4فیصد سے بڑھا کر 24فیصد کردیا اور صوبے میں نئی یونیورسٹیاں اور کالجز قائم کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں تعلیم کے ذریعے ہی تبدیلی لائی جاسکتی ہے ہمارے طلباء اور طالبات میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں انہیں اگر مناسب مواقع فراہم کئے جائیں توطلباء صوبے کا نام روشن کرسکتے ہیں۔

میررحمت بلوچ نے کہا کہ سابقہ دور میں محکمہ تعلیم سمیت تمام اداروں کو تباہ کردیا گیا اندرون صوبہ سکولوں کی مرمت پر کوئی توجہ نہیں دی گئی جس کے باعث اسکول کھنڈرات کا منظر پیش کر رہے تھے اب حکومت نے اسکولوں کی مرمت کرکے انہیں اس قابل بنایا ہے کہ وہاں بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی ممکن ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے برسراقتدار آتے ہی سب سے پہلے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کرائے جس کا آخری مرحلہ بھی مکمل ہوچکا ہے اب کونسلران کے ساتھ ملکر اداروں کی بحالی اوراسکولوں میں بہتری کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے تعلیم یافتہ بلوچستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے معاشرے کے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو حکومت سے تعاون کرنا چاہیے حکومت تعلیمی اداروں میں سہولیات بہم پہنچانے کیلئے سر گرم عمل ہے۔میر رحمت بلوچ نے کہا کہ ہ قوموں کی ترقی اور خوشحالی کا راز تعلیم، امن و امان اور صحت میں ہے صحت مند اور پڑھا لکھا بلوچستان عوام کے مفاد میں ہے۔اس سے قبل ایکسل ٹیکنالوجی انفارمیشن کے طلحہ شاہ نے بتایا کہ انکے ادارے کی جانب سے ابتک 24گورنمنٹ گرلز اور بوائز اسکولوں میں کمپیوٹر لیب تعمیر کی گئی ہیں جس سے طلباء اورطالبات استفادہ حاصل کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :