ای سی ایل کی نئی پالیسی ‘ وزارت قانون اور خارجہ سے مشاورت مکمل ‘ 8ہزار 500 افراد ای سی ایل پر ہیں‘ کئی فوت ہوچکے ہیں‘ سینکڑوں کے نام 30سال کے لئے ای سی ایل میں شامل کئے گئے‘ فہرست اپ ڈیٹ نہ ہونے کا وزیر داخلہ نے نوٹس لے لیا

پیر 6 اپریل 2015 16:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) کے حوالے سے نئی پالیسی کی تیاری کے لئے وزارت قانون اور وزارت خارجہ سے مشاورت مکمل کرلی ہے‘ نئی پالیسی میں خطرناک جرائم میں ملوث افراد کے نام تین سال کے لئے ای سی ایل لسٹ میں شامل کرنے جبکہ دہشت گردی اور ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث افراد کے نام غیر معینہ مدت کے لئے ای سی ایل لسٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ بعض لوگوں کے تیس سال سے ای سی ایل پر نام موجود ہونے کے معاملے پر نظر ثانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پیر کو وزارت داخلہ کے ذمہ دار ذرائع نے اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء کو بتایا کہ اس وقت ایگزٹ کنٹرول لسٹ پر 8500 افراد کے نام شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ان میں ایسے لوگوں کے نام بھی شامل ہیں جو فوت ہوچکے ہیں اور اب تک فہرست کو اپ ڈیٹ نہیں کیا گیا جبکہ سینکڑوں کی تعداد میں ایسے نام ہیں جنہیں تیس سال کے لئے ای سی ایل کی فہرست میں شامل کیا گیا اس صورتحال کا جب وزیر داخلہ کو علم ہوا تو انہوں نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے نہ صرف نئی ای سی ایل پالیسی تیار کرنے کی ہدایت کی بلکہ فہرست کو نئے سرے سے اپ ڈیٹ کرنے کے بھی احکامات جاری کئے۔

ان ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ نے پالیسی تیار کرنے والے حکام کو ہدایت کی ہے کہ نئی ای سی ایل پالیسی میں دہشت گردی اور ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث افراد کے نام مستقل بنیادوں پر ای سی ایل میں شامل کئے جائیں جبکہ دیگر جرائم میں ملوث افراد کے نام کم سے کم ایک سے تین سال کے لئے ای سی ایل میں شامل ہونے چاہئیں۔ وزیر داخلہ نے اس معاملے پر وزارت قانون اور وزارت خارجہ سے بھی مشاورت کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق نئی ای سی ایل پالیسی آئندہ دو سے تین ہفتوں میں تیار ہوجائے گی اور وزیراعظم کی منظوری کے بعد نئی ای سی ایل پالیسی کا وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ایک پریس کانفرنس میں اعلان کرینگے۔