پاکستان پرامن ملک ہے ،وقت آگیا ہے پاکستان کی قربانیوں کا موثر طریقے سے ازالہ کیاجائے ‘ رانا محمد اقبال

پیر 6 اپریل 2015 15:19

اسلام آباد /لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء) قائمقام گورنر پنجاب رانا محمد اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان پرامن ملک ہے اور اس نے دنیا میں قیام امن کے لیے گراں قدر قربانیاں دی ہیں،عالمی برادری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے جانی اور مالی نقصان کو تسلیم کرتی ہے تاہم اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان کی قربانیوں کا موثر طریقے سے ازالہ کیاجائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے اسلام آباد میں فارن سروس اکیڈیمی میں ٹریننگ کورس میں شرکت کرنے والے مختلف ملکوں کے سفارت کاروں کے29 رکنی وفد سے گفت گو کے دوران کیا جنہو ں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی ۔ رانا محمد اقبال نے کہا کہ دنیا میں پائیدار امن کے قیام اور آنے والی نسل کو محفوظ مستقبل دینے کے لیے ہم سب کو مل کر جدوجہد بھی کرنی ہے اور ایک دوسرے کی رائے کا احترام کرتے ہوئے سب کو ساتھ لے کر چلنا ہے ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل تابناک اور روشن ہے اور اس کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی معیشت پوری دنیا کے لیے مثال ثابت ہو گی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی قیادت نے ملک کو ایک نیا وژن دیا ہے اور پہلی مرتبہ ترقیاتی وسائل کا رُخ دوردراز علاقوں کی طرف موڑدیا گیا ہے تاکہ ملک کو طول و ارض میں ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیے جا سکیں ۔انہو ں نے کہا کہ نوجوانوں کی ترقی اور انسانی وسائل کی بہتری پر خصوصی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے اور اس مقصد کے لیے بھی کثیر فنڈ مختص کیے جا رہے ہیں۔

اس موقع پرانہو ں نے مختلف ملکوں کے سفارت کاروں سے فرداً فرداً ملاقات کی ۔گورنر سے ملاقات کرنے والوں میں افغانستان ، یمن ، برازیل ، آذربائیجان ، نیپال ، مالدیپ ، بلغاریہ ، سری لنگا ، سوڈان ، تاجکستان ، ترکمانستان اور ویت نام کے سفارت کار شامل ہیں۔ قبل ازیں بلوچستان کے سابق صوبائی وزیر نصیر احمد باچہ خاں کی قیادت میں صوبائی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب رانا محمد اقبال نے کہا ہے کہ ملکی معیشت میں بلوچستان کا کردار کلیدی ہے اگروہاں کے قدرتی وسائل سے استفادہ کر لیا جائے تو ملک بہت جلد ترقی یافتہ ممالک کی صفوں میں آ کھڑا ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف بلوچستان کی ترقی میں ذاتی طور پر دلچسپی لے رہے ہیں اور وہاں پر شروع کیے گئے میگا پراجیکٹس پر عملدرآمد کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی پسماندگی اور بلوچوں کی محرومیوں کو دور کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :