جو ایک سال سے دعوے کر رہے تھے تبدیلی آ گئی ہے‘ تبدیلی آج یہاں سے گزر گئی ہے، زاہد خان

پیر 6 اپریل 2015 13:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما زاہد خان نے کہا ہے کہ جو ایک سال سے دعوے کر رہے تھے کہ تبدیلی آ گئی ہے‘ تبدیلی آج یہاں سے گزر گئی ہے‘ تحریک انصاف کے اراکین جب تک سپیکر کو یہ نہیں کہتے کہ ہمارے استعفے جعلی تھے تب تک وہ پارلیمنٹ کا حصہ نہیں بن سکتے‘ جوڈیشل کمیشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا صوابدیدی اختیار ہے کہ وہ کمیشن بنائے یا نہ بنائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر تحریک انصاف کے استعفی جعلی تھے تو یہ جھوٹ کی سیاست کا ڈرامہ کیوں رچایا گیا۔ قوم سیاست میں تبدیلی چاہتی تھی لیکن تحریک انصاف نے تو جمہوریت کا جنازہ ہی نکال دیا ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان کے قومی اسمبلی میں آنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مجھے حیرت ہو رہی ہے کہ وہ کیسے اسمبلی میں آ گئے ہیں۔

میرے اسپیکر صاحب سے یہ سوال ہے کہ وہ تحریک انصاف کے اراکین سے پوچھیں کہ جو استعفے انہوں نے ارسال کئے تھے وہ جعلی تھے یا اصلی تھے اور اگر وہ استعفی جعلی تھے تو عوام کو ایک سال تک کیوں دھوکہ دیا گیا اور جن لوگوں نے دھرنوں کے دوران جان گنوائی ہے ان کو یہ صلہ دیا گیا ہے کہ وہ اسی پارلیمنٹ میں واپس آ گئے ہیں۔