انوشکا شرما کے تند و تیز جوابات نے صحافی کو لاجواب کر دیا

پیر 6 اپریل 2015 12:00

انوشکا شرما کے تند و تیز جوابات نے صحافی کو لاجواب کر دیا

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء)سیمی فائنل میں بھارت کی ہار کی ذمہ دار ٹہرائی جانے والی بھارتی اداکارہ انوشکا شرما نے بالآخر خاموشی توڑ ڈالی ہے اور کہا کہ یہ ان کی ذاتی زندگی ہے جہاں مرضی جاؤں گی، کسی سے کہنے پوچھنے کی ضرورت نہیں ہے۔ سیمی فائنل میں بھارت کی ہار کی ذمہ دارٹھہرائی جانے والی انوشکا شرما اب تک کچھ نہ بولی تھیں، لیکن اب ایک بھارتی صحافی کے سامنے بولیں تو ایسا بولیں، کہ کچھ چٹ پٹا جاننے کی خواہشمند صحافی، اپنا سا منا لے کر رہ گئیں۔

اپنی فلم این ایچ10 کی پروموشن کرنے والی انوشکا شرما ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دے رہی تھیں، اس دوران صحافی نے ان سے گھما پھرا کر ویرات کوہلی اور ان کے بارے میں سوالات کیے، تو انوشکا نے دو ٹوک الفاظ میں کہہ دیا کہ سوالات کرنے ہیں، تو فلم کے بارے میں کیے جائیں، وہ اپنی ذاتی زندگی کسی سے ڈسکس نہیں کرتیں۔

(جاری ہے)

مگر خاتون صحافی بھی کہاں ہار ماننے والی تھی، پھر سوال داغ ڈالا کہ کیا آپ نے کسی دوست پلیئرکو وش کرنے کے لئے فون کیا تھا؟۔ جس پر انوشکا نے بھی نہلے پر دہلا دیا، کہا کہ یہ ایک اسٹوپڈ سوال ہے۔ اس دوران انوشکا کے ساتھی اداکاروں نے کئی بار موضوع بدلنا چاہا، مگر بھارتی صحافی نہ مانیں اور آخر کار انہیں انوشکا کے تند و تیز جوابات پر خاموش ہونا پڑا۔