پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری نے ایسٹر کا تہوار منایا،ملک بھر کے گرجا گھروں میں خصو صی عبادات ، ملکی سلامتی، استحکام،امن اور بھائی چارے کے فروغ کیلیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، سکیورٹی کے فول پروف انتظامات ، چرچز میں جانے والوں کو جامہ تلاشی کے بعد اندر جانے کی اجازت دی گئی،پوپ فرانسس کی دنیا بھر میں عیسیائیوں پر تشدد کی مذمت، ہلاک عیسیائیوں کیلئے خصوصی دعائیں اور شمعیں روشن کیں

اتوار 5 اپریل 2015 22:26

اسلام آباد/ ویٹی کن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔5 اپریل۔2015ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری نے ایسٹر کا تہوار منا یا،ملک بھر کے گرجا گھروں میں خصو صی عبادات کی گئیں اس دوران ملکی سلامتی، استحکام،امن اور بھائی چارے کے فروغ کیلیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں،اس موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے اور چرچز میں جانے والوں کو جامہ تلاشی کے بعد اندر جانے کی اجازت دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری نے ایسٹر کا تہوارمنایا۔پاکستان میں ایسٹر کے موقع پر گرجا گھروں کو برقی قمقموں، رنگ برنگی جھنڈیوں اور دیگر آرائشی اشیاء سے خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ ملک کے تمام گرجا گھروں میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا،عبادات کے دوران ملکی سلامتی، استحکام،امن اور بھائی چارے کے فروغ کیلیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے اور چرچز میں جانے والوں کو جامہ تلاشی کے بعد اندر جانے کی اجازت دی گئی۔ عبادات کے بعد مسیحی برادری کے افراد نے قبرستانوں میں جا کر اپنے عزیز و اقارب کی قبروں پر پھول چڑھائے۔مسیحی برادری کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے ایسٹر کے موقع پر اپنے خطاب میں دنیا بھر میں عیسیائیوں کو تششد کا نشانہ بنائے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔

دعائیہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے فرانسس نے چار روز قبل کینیا کی گریسا یونیورسٹی میں شدت پسندوں کی جانب سے عیسائی طلبا کو ہلاک کرنے کی مخالفت کی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ بھارت، پاکستان سمیت مختلف ممالک میں مسیحی برادری کو بربریت کا نشانہ بنایا جارہاہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت عیسی علیہ السلام کی تعلیمات کی پیروی کرتے ہوئے مسیحی پرامن معاشرے کی تقلید کرتے ہیں۔

پوپ فرانسس نے دنیا بھر میں ہلاک ہونے والے عیسیائیوں کے لئے خصوصی دعا کرائی اور انکی یاد میں شمعیں بھی روشن کیں۔ یوکرین میں اس دن کو یادگار بنانے کے لئے مختلف رنگوں سے سجے ایسٹر ایگز کی نمائش لگائی گئی ، اس تہوار کی مناسبت سے لویو شہرمیں بڑے بڑے ایسٹر ایگز کی نمائش شروع ہوگئی ۔ آرٹسٹوں نے انڈوں کو مختلف رنگوں میں ڈال کر بڑی خوبصورتی سے سجایا تھا۔

منتظمین کے مطابق اس خیراتی نمائش میں خوبصورت انڈوں کی بولی لگے گی۔ نیلامی سے حاصل ہونے والے فنڈز مشرقی یوکرین کے شہر کریمیا میں جنگ سے بے گھر ہونے والے افراد کے فلاح و بہبود کے لیے استعمال ہوگی۔ اس رقم سے بچوں کے اسپتال کے لیے طبی سامان خریدے جائیں گے۔ خیراتی کام میں حصہ ڈالنے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ نمائش کا رخ کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ ایسٹرعیسائیوں کا سب سے بڑا تہوارہے جو حضرت عیسی کے زندہ ہونے کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ دنیا بھر میں اس تہوار کے موقع پر مختلف قسم کے کیک اور پکوان بھی تیار کئے جاتے ہیں۔