Live Updates

پی ٹی آئی کو چاہئے کہ وہ پرامن انتخابی مہم چلائے، حلقے میں پولیس، رینجرز یا فوج سیکورٹی کی ذمہ داریاں نبھائے، ایم کیو ایم کو کوئی اعتراض نہیں ہے، پی ٹی آئی کو گالی کی سیاست سے گریز کرے،اس سے عوام میں اشتعال پیدا ہوتا ہے، تحریک انصاف سے ہمارا کوئی جھگڑا ہے نہ ہی ایم کیو ایم ان کی انتخابی مہم میں دخل اندازی کررہی ہے،ایم کیو ایم کے حلقہ این اے 246 کیلئے نامزد امیدوار کنور نوید جمیل کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 5 اپریل 2015 21:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔5 اپریل۔2015ء) ایم کیو ایم کے رہنما اور این اے 246 سے نامزد امیدوار کنور نوید جمیل نے کہا ہے کہ این اے 246 ایم کیو ایم کی سیٹ ہے۔ وہ ہم سے بھاگ کر کہیں نہیں جائے گی۔ پی ٹی آئی اپنی انتخابی مہم چلائے تاہم ایم کیو ایم کی قیادت کے خلاف غیر اخلاقی اور متنازعہ بیانات دینے سے گریز کرے، اگر اس حلقے میں شفاف انتخابات ہوجائیں تو پی ٹی آئی پھر بھی 10 ہزار سے زیادہ ووٹ نہیں لے سکے گی اور ہمارے اندازے کے مطابق وہ تیسرے نمبر پر آئے گی۔

وہ اتوار کو کمشنر آفس میں ہونے والے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو چاہئے کہ وہ پرامن انتخابی مہم چلائے۔ حلقے میں پولیس، رینجرز یا فوج سیکورٹی کی ذمہ داریاں نبھائے ایم کیو ایم کو کوئی اعتراض نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ہم پی ٹی آئی کی انتخابی مہم سے پریشان نہیں ہیں۔ انتخاب میں حصہ لینا ہر جماعت کا حق ہے۔ پی ٹی آئی کو چاہئے کہ وہ گالی کی سیاست نہ کرے۔

اس سے عوام میں اشتعال پیدا ہوتا ہے۔ تحریک انصاف سے ہمارا کوئی جھگڑا نہیں ہے اور نہ ہی ایم کیو ایم ان کی انتخابی مہم میں دخل اندازی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ این اے 246 ایم کیو ایم کے چاہنے والوں کا علاقہ ہے۔ ماضی کی طرح یہ سیٹ ایم کیو ایم ہی جیتے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو چاہئے کہ وہ اپنے طرز سیاست کو درست کرے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات