افغان طالبان نے اپنے کرشماتی سپریم لیڈر ملا عمر کی تفصیلی سوانح حیات شائع کر دی ،دشمنوں کی مسلسل ٹریکنگ کے باوجود ملا عمر کے معمولات میں کسی قسم کی مداخلت نہیں ہوئی ، اب بھی جہادی سرگرمیوں میں بھرپور انداز سے متحرک ہیں اور اسلامی ریاست کے رہنماء کے طور پر جہادی سرگرمیوں کو منظم کررہے ہیں، آر پی جی سیون گرینیڈ لانچر ملا عمر کا پسندیدہ ہتھیار ہے،سوانح حیات

اتوار 5 اپریل 2015 21:49

افغان طالبان نے اپنے کرشماتی سپریم لیڈر ملا عمر کی تفصیلی سوانح حیات ..

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔5 اپریل۔2015ء) افغان طالبان نے اپنے کرشماتی سپریم لیڈر ملا عمر کی تفصیلی سوانح حیات شائع کر دی ، یہ اقدام بظاہر عسکریت پسند حلقوں میں دولت اسلامیہ کے بڑھتے ہوئے اثر رسوخ کا توڑ لگ رہا ہے۔اتوار کو افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ مہینوں میں طالبان کو دولت اسلامیہ کی وجہ سے کئی ساتھیوں کو منحرف ہوتے دیکھنا پڑا ہے اور کچھ عسکریت پسندوں نے 2001 میں افغانستان پر امریکی حملے کے بعد سے منظرعام سے غائب ملا عمر پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

طالبان کی مرکزی ویب سائٹ پر ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب شائع ہونے والی سوانح عمری ملا عمر کے بطور سپریم لیڈر 19 برس مکمل ہونے پر ایک خراج تحسین ہے اور کہا گیا ہے کہ وہ اب بھی 'جہادی سرگرمیوں' میں بھرپور انداز سے متحرک ہیں۔

(جاری ہے)

سوانح حیات کے مطابق دشمنوں کی مسلسل ٹریکنگ کے باوجود ملا عمر کے معمولات میں کسی قسم کی مداخلت نہیں ہوئی اور وہ اسلامی ریاست کے رہنماء کے طور پر جہادی سرگرمیوں کو منظم کررہے ہیں۔

سوانح عمری میں انہیں کرشماتی شخصیت قرار دیتے ہوئے مزید بتایا گیا کہ 'وہ پورے جذبے سے ظالم غیرملکی دراندازوں کے خلاف سرگرمیوں کی نگرانی کرتے ہیں'۔سوانح حیات میں میدان جنگ میں بہادری کے متعدد واقعات بھی درج ہیں جبکہ یہ بھی بتایا گیا کہ آر پی جی سیون گرینیڈ لانچر ملا عمر کا پسندیدہ ہتھیار ہے۔طالبان کی جانب سے اپنے سپریم لیڈر کی تفصیلی سوانح حیات کو شائع کرنے کے حیران کن اقدام نے، جس میں ان کی ذاتی اور خاندانی زندگی کا بھی ذکر ہے، سیکورٹی تجزیہ کاروں کو حیران کردیا ہے کیونکہ 2001 کے بعد سے ملا عمر منظر عام پر نہیں آئے جبکہ امریکی محکمہ خارجہ نے ان کے سر پر ایک کروڑ ڈالرز کا انعام رکھا ہوا ہے۔

متعلقہ عنوان :