پاکستانی فضائی حدود میں دو غیر ملکی ایئر لائنز کے طیارے خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئے

اتوار 5 اپریل 2015 17:23

اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار5اپریل ۔2015ء)پاکستانی فضائی حدود میں دو غیر ملکی ایئر لائنز کے طیارے خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئے، غیر ملکی ایئرلائنز نے سول ایوی ایشن کو تحریری شکایات درج کرادیں، کمزور فریکوئنسی کے باعث بروقت گائیڈ لائن نہ دی جا سکی۔ نجی ٹی وی کے مطابق اتوار کی صبح 4بجے سنگا پور اور کویت ایئرلائنز کے دو طیارے ژوب کے قریب خطرناک حادثے سے بال بال بچے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ژوب پر سے گزرتے ہوئے طیارے خطرناک حد تک ایک دوسرے کے قریب آ گئے،ژوب پر کمزور ریڈار کی فریکوئنسی کے باعث طیاروں کو بروقت گائیڈ لائن فراہم نہ کی جا سکیں۔ذرائع کے مطابق دونوں ایئر لائنز نے ایوی ایشنز کو تحریری شکایات درج کرا دیں۔ ایئرلائن ذرائع کے مطابق ژوب میں کمزور فریکوئنسی کے حوالے سے سول ایوی ایشن کو آگاہ کیا جا چکا تھا اس کے باوجود سول ایوی ایشن نے اس پر کوئی عملی اقدامات نہ کئے۔ کویت ایئرویز کا طیارہ اسلام آباد آ رہا تھا جبکہ سنگا پور ایئر لائنز کا طیارہ سنگاپور سے لندن جا رہا تھا۔