اوتھل کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارش ،ندی نالوں میں طغیانی، کوئٹہ کراچی شاہراہ پر ٹریفک گھنٹوں تک معطل

ہفتہ 4 اپریل 2015 22:45

اوتھل(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء) اوتھل کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارش ،ندی نالوں میں طغیانی،کھانٹاندی میں طغیانی کے باعث کوئٹہ کراچی شاہراہ پرٹریفک کئی گھنٹوں کیلئے معطل،مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا،پانی کم ہونے کے بعد شاہراہ ٹریفک کیلئے کھول دی گئی،تفصیلات کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب لسبیلہ کے صدر مقام اوتھل کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارش کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی طغیانی کی وجہ سے مین آرسی ڈی شاہراہ پر واقع معروف کھانٹاپل پر کوئٹہ کراچی شاہراہ زیرتعمیر ہونے کی وجہ سے کئی گھنٹوں کیلئے کوئٹہ کراچی شاہراہ ٹریفک کیلئے مکمل طور پربندہوگئی جسکی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اس دوران مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تاہم ہفتہ کے روز دوپہر کے وقت کھانٹاپل پر پانی کم ہونے کے بعد کوئٹہ کراچی اور کراچی ٹوکوئٹہ شاہراہ کو کھول دیا گیا اور گاڑیاں اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہوگئیں۔