رابطہ عوام مہم کراچی کی رونقوں کو بحال کرے گی، سید مفخر علی

ہفتہ 4 اپریل 2015 22:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء) جماعت اسلامی ضلع بن قاسم کے تحت رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں کورنگی غربی زون، کورنگی شرقی زون، لانڈھی غربی زون، لانڈھی شرقی زون اور الحدید زون کے تحت آج بروز اتوار اہم مقامات پر خصوصی کیمپ لگائے جائیں گے اور کارکنان گھر گھر جاکر عوام سے رابطہ کریں گے اور جماعت اسلامی کا دعوتی پیغام، لٹریچر عوام الناس تک پہنچایا جائے گا۔

جماعت اسلامی ضلع بن قاسم کے قائم مقام امیر سید مفخر علی، امرائے زونز سید آصف علی، محمد قاسم خان، جمیل الدین قریشی، محمد نواز خان اور محمد سعید خان نے جماعت اسلامی کے کارکنان سے درخواست کی ہے کہ وہ رابطہ عوام مہم کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کردیں۔ جماعت اسلامی کی رابطہ عوام مہم کراچی کے عوام کو بیدار کرنے کی مہم ہے۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی کراچی کی رونقوں کی بحالی کیلئے اور کراچی سے ظلم کے خاتمے کے لئے جدوجہد کررہی ہے۔

کراچی میں قیام امن کیلئے جماعت اسلامی کی بڑی قربانیاں ہیں۔ شہداء کا خون رنگ لائے گا۔ کراچی میں امن قائم ہوگا۔ اُنہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کل بھی جماعت اسلامی کے ساتھ اور آج بھی جماعت اسلامی کے ساتھ ہیں۔ جماعت اسلامی نفرت، دہشت اور وحشت کی سیاست کے خاتمے کی جدوجہد کررہی ہے۔ عبد الستار افغانی اور نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ نے کراچی کے عوام کی جو خدمت کی ہے اُس کی نظیر نہیں ملتی۔ کارکنان ایک بڑی تبدیلی کیلئے جدوجہد کریں اور کراچی کی مظلوم عوام کی قیادت کا فریضہ سرانجام دیں۔

متعلقہ عنوان :