ہر قیمت پر دینی مدارس کا دفاع کریں گے،اگرمطالبات تسلیم نہ کئے گئے تویکم مئی کو کراچی میں ریلی ہوگی، مولانا راشد محمود سومرو

علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے اصل قاتلوں کو فوری گرفتار اور گرفتار مجرموں پرمقدمہ چلایا جائے

ہفتہ 4 اپریل 2015 22:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء) جمعیة علما ء اسلام صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو نے کہاکہ ہر قیمت پر دینی مدارس کا دفاع کریں گے،اگرمطالبات تسلیم نہ کئے گئے تویکم مئی کو کراچی میں ریلی ہوگی،علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے اصل قاتلوں کو فوری گرفتار اور گرفتار مجرموں پرمقدمہ چلایا جائے۔ان خیالا ت کااظہا ر انہوں نے جامع مسجد طور شیر شاہ میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

نماز جمعہ کے اجتما ع سے جمعیة علماء اسلام ضلع لاڑکانہ کے امیر علامہ ناصر محمود سومرو نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان اور دیگر بھی موجودتھے۔مولانا راشد محمود سومرو نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کی جانب سے دینی مدارس کے خلاف اقدامات کسی صورت بر داشت نہیں،جمعیة علماء اسلام دہشت گردی کے خاتمہ اور قیام امن کیلئے حکومت سے ہرممکن تعاون کیلئے تیار ہے لیکن دہشت گردی کے خلاف اقداما ت کی آڑ میں دینی مدارس کے خلاف کاروائی ناقابل برداشت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ دینی مدارس مسلمانوں کے ایمان کے محافظ ہیں اور ہم ہر صورت ان اداروں کاتحفظ کریں گے۔انہوں نے کہاکہ 26فروری کو سکھر میں عظیم الشان ریلی کے بعد 2اپریل کو حیدر آباد میں تحفظ دینی مدارس ریلی میں لاکھوں عوام کی شرکت نے ثابت کردیاکہ اہلیان سندھ دینی مدارس کی پشت پر ہے ۔ انہوں نے حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہاکہ اگر حکومت نے جمعیة علماء اسلام کے مطالبات تسلیم نہ کئے تو یکم مئی کو کراچی میں ریلی ہوگی۔

قبل ازیں علامہ ناصر محمود سومرونے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حضور اقدس ﷺ کی شان میں گستاخی کرنے والے حقیقی دہشت گرد ہیں ہر مسلمان آپ کی عزت و ناموس پر اپنی جان قر بان کرنا اپنی سب سے بڑی سعادت سمجھتا ہے ۔انہوں نے مطا لبہ کیاکہ حکومت پاکستان گستاخانہ خاکے شائع کرنے والے ممالک کا سفارتی بائیکاٹ کرے۔انہوں نے کہاکہ حرمین شریفین کی حفاظت ہر مسلمان کا مذہبی فریضہ ہے ،اگر کسی قوت نے حرمین شریفین کی طرف میلی آنکھ سے دیکھاتو پوری امت مسلمہ حرمین کی حفاظت کیلئے میدان عمل میں ہوگی۔

متعلقہ عنوان :