کراچی میں آپریشن کے نام پرظلم ہورہاہے ،اس کے باعث عوام کے دل خون کے آنسو رورہے ہیں،لوگ اپنے پیاروں کی لاشیں دفن کردیتے ہیں لیکن اند رہی اندرگھٹتے رہتے ہیں

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی نجی ٹی وی سے گفتگو

ہفتہ 4 اپریل 2015 22:14

کراچی(آئی این پی) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ کراچی میں آپریشن کے نام پر جوظلم ہورہاہے ،اس کے باعث عوام کے دل خون کے آنسو رورہے ہیں اوران کے جذبات بھڑک رہے ہیں لہٰذا میں یہی کہوں گاکہ کوئی ایساعمل نہ کیاجائے جس سے کراچی کے عوام کے جذبات پھٹ پڑیں۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کی شب فیڈرل بی ایریاکے علاقے کریم آبادمیں پیش آنے والے واقعہ کے بارے میں نجی ٹی وی پر خصوصی گفتگوکرتے ہوئے کہی۔

کریم آبادمیں پیش آنے والے واقعہ کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ کریم آباد میں ایم کیوایم کاکوئی کیمپ نہیں تھا،وہاں صرف پی ٹی آئی کاکیمپ تھا، پی ٹی آئی کے رہنمااپنی تقاریراوربیانات میں جواشتعال انگیزباتیں کررہے ہیں اس پر علاقے کے عوام کوغصہ آیا اورانہوں نے پی ٹی آئی کے کیمپ پردھاوابولا جوقابل مذمت ہے اورمیں اس واقعہ پر تحریک انصاف کے دوستوں سے ہمدردی اورافسوس کااظہارکرتاہوں۔

(جاری ہے)

جناب الطا ف حسین نے کہاکہ اس وقت کراچی میں جوظلم ہورہا ہے، نائن زیروپرجس طرح چھاپہ ماراگیا،جس طرح گرفتاریاں کی جارہی ہیں، جس طرح ماورائے عدالت قتل ہورہے ہیں اس پر عوام کے دل خون کے آنسورورہے ہیں، لوگ اپنے پیاروں کی لاشیں دفن کردیتے ہیں لیکن اند رہی اندرگھٹتے رہتے ہیں اورپھرجب ان کے اندرکالاواپھٹتاہے توپھرلوگ یہ نہیں دیکھتے کہ سامنے زارکی فوج ہے یاکون ہے ، پھرانقلاب آیاکرتے ہیں اورپوری دنیامیں یہی ہوا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ آج آپریشن کے نام پرکراچی میں جس طرح ظلم ہورہاہے وہ سب کے سامنے ہے، میں یہی کہتاہوں کہ کوئی ایسا عمل نہ کریں جس سے عوام کے اندرکے جذبات بھڑک اٹھیں۔انہوں نے کہاکہ مجھے یہ دیکھ کربھی افسوس ہوتاہے کہ میں پانچ ہزارمیل دور بیٹھاہوں لیکن کراچی میں کوئی بھی قتل ہوتاہے توپی ٹی آئی کے رہنمافوراً اس کاالزام مجھ پر لگادیتے ہیں۔

زہرہ شاہدکاقتل ہواتوعمران خان نے فوراً اس کاالزام مجھ پر لگادیا۔جب ایسے بے بنیادالزامات لگتے ہیں ، جب ٹی وی پربیٹھ کربعض لوگ مغلظات دیتے ہیں تومیرے چاہنے والوں کے دل دکھتے ہیں لہٰذا ایسانہیں کیاجاناچاہیے۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کے رہنماڈاکٹرفاروق ستاراور دیگر رہنماکریم آباد پہنچے ہوئے ہیں اوروہ بھی لوگوں کے ہاتھ جوڑکراپیلیں کررہے ہیں۔

میں بھی عوام سے اپیل کرتاہوں کہ وہ پرامن طور پر منتشر ہوجائیں۔میں ایم کیوایم کے ہمدردوں ، اپنے چاہنے والوں سے کہتاہوں کہ خداراصبرکریں، مجھے معلوم ہے کہ آپ کے دل بہت دکھے ہوئے ہیں، میرادل بھی دکھاہواہے لیکن میں آپ سے یہی کہتاہوں کہ آپ صبرکریں، اللہ تعالیٰ صبرکرنے والوں کاساتھ دیتا ہے ، صبرکرناہی اللہ اوراس کے رسول کی تعلیمات ہیں۔

انہوں نے ایم کیوایم کے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی جانب سے ایسی کوئی بات نہ کریں جس سے ماحول خراب ہو۔ جناب الطا ف حسین نے رابطہ کمیٹی کے ارکان کوہدایت کی کہ وہ تحریک انصاف کے رہنماوٴں سے رابطہ کریں اور ان سے بات کرکے ایساطریقہ کاربنالیں کہ یہ چیک کیاجاسکے کہ کون انکے کیمپوں پرآرہاہے جوبدتمیزی کرے اس پر نظررکھی جاسکے۔ انہوں نے دونوں جماعتوں کے رہنماوٴں اورذمہ داروں سے اپیل کی کہ وہ اپنی تقاریراوربیانات میں اشتعال انگیزی اورایسی باتیں نہ کریں کہ جس سے لوگوں کی دل آزاری ہو۔