حکومت مدارس میں دینی تعلیمات کے ساتھ ساتھ جدید علوم کے حوالے سے اقدامات کررہی ہے ‘شہریار سلطان

جدید دور میں قلم کی جگہ لیپ ٹاپ نے لے لی ،طالبعلم کو دینی اور نصابی علوم حاصل کرنے میں آسانی پیدا ہو گی‘سیکرٹری اوقاف ومذہبی امور

ہفتہ 4 اپریل 2015 18:50

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء) سیکرٹری اوقاف ومذہبی امور شہریار سلطان نے کہا ہے کہ خانقاہ اور مدرسہ کا ایک قدیمی تعلق ہے جو دینی علوم کے ساتھ ساتھ صوفیائے کرام کی تعلیمات کو فروغ دیتا ہے، اس حوالے سے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت دینی مدارس میں دینی تعلیمات کے ساتھ ساتھ جدید علوم کے حوالے سے اقدامات کررہی ہے جس کا واضح ثبوت دینی مدارس کے ذہین طلبا وطالبات میں لیپ ٹاپس کی تقسیم ہے،جدید دور میں قلم کی جگہ لیپ ٹاپ نے لے لی ہے جس سے طالبعلم کو دینی اور نصابی علوم حاصل کرنے میں آسانی پیدا ہو گی۔

یہ بات انہوں نے دربار حضرت داتا گنج بخش کے سماع ہال میں دینی مدارس کے ذہین اور کامیاب 400 طلبا وطالبات میں لیپ ٹاپس تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی جی اوقاف ومذہبی امور ڈاکٹر طاہر رضا بخاری،ایڈمنسٹریٹر داتا دربا ر،پرنسپل جامعہ ہجویریہ داتا دربار مولانا مطلوب الزمان، صاحبزادہ غلام مرتضیٰ کے علاوہ طلبا وطالبات کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

سیکرٹری اوقاف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مدارس حکومت کا دست بازو ہیں ۔طلبا وطالبات کو جدید علوم سے استوار کرنا حکومت کا فرض ہے اور دینی مدارس کے ذہین طلبا وطالبات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم حکومت کا احسن اقدام ہے جس سے نہ صرف دینی مدارس کے طلبا وطالبات کو جدید علوم تک رسائی میں مدد حاصل ہو گی بلکہ ان کا ویژن بھی بڑھے گا اور دینی علوم حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ہماری جامعات سے فارغ ہونے والے طلبا وطالبات جدید سائنسی علوم حاصل کرنے کے لئے یونیورسٹیوں میں داخلہ لے رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ اوقاف نے جامعہ ہجویریہ کو ماڈل مدارس کی صف میں لانے کے لئے سفارشات طلب کی ہیں اور وفاقی حکومت سے اجازت کے بعد جامعہ ہجویریہ کو ماڈل مدارس کا درجہ دے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ ہجویریہ مدرسہ کے طلبا وطالبات دیگر مدارس کے مقابلے میں قومی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کرتے نظر آتے ہیں اوریہ ہمارے لئے باعث اطمینان ہے کہ یہ واحد ادارہ ہے جو روایتی تعلیمات کے ساتھ ساتھ جدید عہد کی علوم بھی پڑھا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کے ذہین طلبا وطالبات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کا سلسلہ جاری رہے گا اور پنجاب بھر کے دینی مدارس کے ذہین طلبا وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے۔