صنعائمیں اب بھی 200کے لگ بھگ پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں، پاکستانی سفارتخانہ کا عملہ یمن بھیجاجائے، پاکستانیوں کو بچانے کے لئے خود بھی یمن جا ؤنگا،انصار برنی ٹرسٹ انٹرنیشنل کے سربراہ انصار برنی کااعلان

ہفتہ 4 اپریل 2015 18:42

صنعائمیں اب بھی 200کے لگ بھگ پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں، پاکستانی سفارتخانہ ..

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء ) اقوام متحدہ کے سابق مشیر خاص برائے انسانی حقوق ،انصار برنی ٹرسٹ انٹرنیشنل کے سربراہ اور پاکستان کے سابق وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق انصار برنی ایڈووکیٹ نے صدر ممنون حسین، وزیر اعظم نواز شریف اور وزارت خارجہ سے یمن میں پاکستان کے سفارتخانہ کے وطن واپس آجانے والے عملے کے ارکان کوتمام پاکستانیوں کے یمن سے انخلاء تک ثناء واپس بھیجنے کی اپیل کردی ہے جبکہ انصار برنی نے خود بھی پاکستانیوں کی زندگیاں بچانے کے لئے خود بھی یمن جانے کے لئے حکومت کو پیشکش کردی ہے۔

انصار برنی نے کہا کہ درجنوں پاکستانیوں کے پاسپورٹس کی یا تو معیاد ختم ہوگئی ہے یا ان کے پاسپورٹس یمنی کفیل کے پاس ہیں جس کے باعث وہ سفر نہیں کرسکتے اور یمن میں پاکستان ایمبیسی کے پورے عملے کے آجانے کے بعد صرف سناء میں ہی خواتین اور بچوں سمیت دو سو کے لگ بھگ پاکستانی پھنس کر رہ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انسانی حقوق کے رہنما انصار برنی ایڈووکیٹ نے کہا کہ یمن سے پاکستان سفارتخانے کے پورے عملے کی پہلی ہی پرواز سے وطن واپس آجانے کی وجہ سے یمن میں رہ جانے والے پاکستانیوں کی بڑی تعداد پریشان ہے جبکہ یمنی جیلوں میں 20کے قریب پاکستانی قیدی بھی اپنی رہائی اور سفری دستاویزات کے حصول کے لئے انتظار کر رہے ہیں۔

انسانی حقوق کے رہنماء انصار برنی نے کہا کہ ثناء میں پھنسے پاکستانیوں میں ایسی ملازمت پیشہ خواتین بھی شامل ہیں جو بالکل تنہاں ہیں اور ان کے ساتھ کوئی مرد نہیں۔انصار برنی نے کہا کہ ثناء ائیرپورٹ پر مختلف ممالک کے جہازوں کی لینڈنگ ہورہی ہے اسلئے پاکستان سے سفارتخانہ کے عملے کے ساتھ جہازبرائے راست ثناء بھجوایا جاسکتا جس کے لئے وہ اپنے پاکستانی بھائی بہنوں کی زندگیاں بچانے کے لئے خود بھی جانے کے لئے تیار ہیں۔

انصار برنی نے صدر ، وزیر اعظم اور وزرات خارجہ سے اپیل کی ہے کہ وہ فی الفور سفارتخانہ کے عملے کے ساتھ جہاز ثناء بھیجنے کا حکم جاری کریں تاکہ سینکڑوں پاکستانیوں کی زندگیاں بچائی جا سکیں۔ انصار برنی نے کہا کہ انصار برنی ٹرسٹ کے ثناء میں موجود نمائندے نے جو لسٹ تیار کی ہے اس کے مطابق 96خواتین اور بچے جبکہ 82مرد اب بھی ثناء میں پھنسے ہوئے ہیں جو فوری طور پر وطن واپس جانا چاہتے ہیں۔ انصار برنی ٹرسٹ کے مطابق ان پاکستانیوں میں 47لاہور، 63اسلام آبادجبکہ 68کا تعلق کراچی سے ہے۔

متعلقہ عنوان :