Live Updates

تحریک انصاف کا جناح گراؤنڈ میں تاریخ کا بڑا جلسہ کرنے کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں عمران اسماعیل اور فردوس نقوی کاکریم آباد میں ریلی سے خطاب

ہفتہ 4 اپریل 2015 18:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں عمران اسماعیل اور فردوس نقوی نے جناح گراؤنڈ میں تاریخ کا بڑا جلسہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ متحدہ جس کو قلعہ کہتی ہے وہاں سے الیکشن ہار چکی ہے، تحریک انصاف کراچی کی دوسری بڑی سیاسی جماعت ہے، الیکشن شروع نہیں ہوا، مخالفین کی بوکھلاہٹ سامنے آ گئی ہے، ہم ڈرنے والے نہیں جمہوریت پسند ہیں، کسی کارکن کو خراش بھی آئی تو الطاف حسین کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے۔

وہ ہفتہ کو کریم آباد میں ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز متحدہ کے کارکنوں نے ہمارے لڑکوں پر منظم حملہ کرکے پارٹی پرچم کو جلایا، الیکشن ابھی شروع نہیں ہوا ،مخالفین کی بوکھلاہٹ پہلے شروع ہو چی ہے، ہم کسی سے ڈرنے والے نہیں جمہوریت پسند ہیں اور سڑک پر آ کر میڈیا کے سامنے بات کرنے کا مقصد لوگوں کے دلوں سے خوف کو ختم کرنا ہے، کراچی کے عوام عمران خان کو پسند کرتے ہیں ہمیں لوگوں کے دلوں میں آنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم خوف سے راج کرنے والوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں، تحریک انصاف کراچی کی دوسری بڑی جماعت ہے اور ہم جناح گراؤنڈ میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کریں گے، اگر کوئی روک سکتا ہے تو روک لے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ جس کو اپنا قلعہ سمجھتی ہے وہاں سے وہ الیکشن ہار چکی ہے، ہم کراچی کو آزاد کرائیں گے، حلقے میں پانی و بجلی دہشت گردی کا مسئلہ حل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ گورنر عشرت العباد ایم کیو ایم کے لڑکوں کو بلا کر ان سے پوچھیں کہ انہوں نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کیوں کی، چائنا کٹنگ میں جو ملوث ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے کیونکہ کل کا واقعہ کھلی دہشت گردی ہے اور ہمارا مطالبہ ہے کہ الیکشن فوج کی نگرانی میں کرایا جائے ، اس قسم کے ہتھکنڈے الیکشن سے قبل دھاندلی ہیں۔(اح)

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات