پاک بحریہ کا جہاز یمن سے 150 افراد کو لے کرپاکستان کیلئے روانہ

جہاز میں چین کے طلبہ ، یورپ اور ہندوستان سے تعلق رکھنے والے افراد بھی جہاز میں سوار ہیں

ہفتہ 4 اپریل 2015 17:11

اسلام آباد،الشحر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء) پاک بحریہ کا جہاز یمن سے 150 افراد کو لے کرپاکستان کیلئے روانہ ہو گیا ہے ،جہاز میں چین کے طلبہ اور وہاں کام کرنے والے افراد سمیت یورپ اور بھارت سے تعلق رکھنے والے افراد بھی سوار ہیں۔پاک بحریہ کے جہاز کو مکلہ میں لنگر انداز ہونا تھا مگر شہر کی خراب صورتحال کے باعث جہاز کو قریبی علاقے الشحر لے جایا گیا اور وہاں سے شہریوں کو جہاز میں سوار کیا گیا۔

دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم کے مطابق پاک بحریہ کے الشحر پہنچنے والے جہاز میں 150 سے زائد پاکستانیوں کو سوار کیا گیا ہے۔تسنیم اسلم نے مزید بتایا کہ چین کے طلبہ اور وہاں کام کرنے والے افراد سمیت یورپ اور ہندوستان سے تعلق رکھنے والے افراد بھی جہاز میں سوار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ جہاز میں سواربھارتی اور یورپی شہری ایک ہی کمپنی کے ملازم ہیں اور کمپنی کے مالک نے پاکستانی شہریوں کی مدد کی تھی۔

دفتر خارجہ کی ترجمان نے جہاز کے پاکستان کے لیے روانہ ہونے کی بھی تصدیق کی۔واضح رہے کہ یمن میں شروع ہونے والی جنگ کے بعد وہاں سے پاکستانیوں کا انخلاء شروع ہوا، جس میں اب تک دو طیاروں کی مدد سے 579 افراد کو پاکستان لایا جا چکا ہے۔قبل ازیں یمن سے پاکستان پہنچنے والے 176 افراد کو چین کی مدد سے افریقی ملک جبوتی لے جایا گیا تھا جہاں سے ان کو پی آئی اے کی مدد سے پاکستان لایا گیا۔

متعلقہ عنوان :