تعلیم ہی کے ذریعے قوموں کی تقدیریں بدل جاتی ہیں،نورالحق

ہفتہ 4 اپریل 2015 16:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء) الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا کے صدر نورالحق نے کہا ہے کہ تعلیم ہی کے ذریعے قوموں کی تقدیریں بدل جاتی ہیں۔ تاریخ سے ثابت ہے کہ جس قوم نے تعلیم کو اہمیت اور توجہ دی ہے اس قوم نے ترقی کی ہے۔اسلامی تعلیمات میں علم کے حصول پر بہت زور دیاگیا ہے اور اسلام نے مردوں اور خواتین پر علم کا حصول لازم قرار دیا ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن جدید دور کے تقاضوں کے مطابق عصری اور دینی علوم کے ساتھ ساتھ اخلاقی تربیت کے ذریعے ملت کی تعمیر کے لیے کوشاں ہیں ۔تعمیر ملت سکولوں میں معیاری تعلیم کی فراہمی سمیت باصلاحیت اور باکردار افراد بنانے پر بھرپور توجہ دی جاتی ہے۔ تاکہ ملک وقوم کو اہل قیادت میسر آسکے۔ ان خیالات کا اظہار الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا کے صدر نورالحق نے تعمیر ملت سکول کتوزئی چارسدہ میں سالانہ یوم والدین اور تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن چارسدہ کے صدر نورحسین ، خیبر ایجوکیشن پروگرام کے صوبائی منیجر وحیداللہ، علاقہ کے سماجی شخصیات ، پرنسپل، اساتذہ کرام ، والدین اور طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ بچوں کی بہترین تعلیم و تربیت کے لیے حکومت ، والدین اور اساتذہ کرام پر مشتمل تکون پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ انہوں نے تعمیر ملت سکول کتوزئی چارسدہ میں جدید کمپیوٹر لیب اور سائنس لیبارٹری کے قیام کا اعلان بھی کیا ۔ اس موقع پر طلبہ نے ملی نغمین ، تقاریر، خاکے پیش کیے اور پوزیشن ہولڈر طلبہ وطالبات میں مہمان خصوصی نے انعامات و شلیڈ بھی تقسیم کئے ۔

متعلقہ عنوان :