حکومت تمام اقلیتی برادریوں کے بنیادی حقوق کی حفاظت ، عزت و وقار اور جان و مال کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے ، پُر خلوص انداز میں تمام اقلیتوں کی بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کا تہیہ کئے ہوئے ہوں ، ہمیشہ پاکستان کی اقلیتی برادریوں بالخصوص پاکستانی مسیحوں کی قابلِ قدر خدمات کو سراہا ہے، پاکستان کی ترقی وخوشحالی میں اپنا قومی کردار ادا کرتی رہیں گی،میں دُنیا بھر کے مسیحیوں، بالخصوص پاکستان کی مسیحی برادری کو ایسٹر کے مقدس تہوار کے موقع پر مبارکباد پیش کرتا ہوں

وزیر اعظم نواز شریف کا ایسٹر2015 کے موقع پر پیغام

ہفتہ 4 اپریل 2015 15:51

اسلام آبا د( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء ) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت تمام اقلیتی برادریوں کے بنیادی حقوق کی حفاظت ، عزت و وقار اور جان و مال کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے ، پُر خلوص انداز میں تمام اقلیتوں کی بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کا تہیہ کئے ہوئے ہوں ، ہمیشہ پاکستان کی اقلیتی برادریوں بالخصوص پاکستانی مسیحوں کی قابلِ قدر خدمات کو سراہا ہے، پاکستان کی ترقی وخوشحالی میں اپنا قومی کردار ادا کرتی رہیں گی،میں دُنیا بھر کے مسیحیوں، بالخصوص پاکستان کی مسیحی برادری کو ایسٹر کے مقدس تہوار کے موقع پر مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔

ایسٹر2015 کے موقع پر پیغام میں انہوں نے کہا کہ خوشخبری کے نقیب کی حیثیت سے ایسٹر انسانی زندگی میں بھلائی اور صالح اوصاف کی طرف مائل ہونے کے جذبہ کا مظہر ہے ۔

(جاری ہے)

اس سال ایسٹر ایسے موقع پر منایا جا رہا ہے جب پاکستان میں بین العقیدہ ہم آہنگی کی اشد ضرورت محسوس کی جا رہی ہے ۔ انتشار کو ہوا دینے والی قوتیں پاکستانی معاشرے کوبُری طرح نقصان پہنچانے کے لیے اس کے پورے ڈھانچے میں بگاڑ پیدا کر رہی ہیں ۔

میں وثوق سے کہہ سکتا ہوں کہ پاکستانی قوم ایسے عناصر کے مذموم عزائم کو بخوبی سمجھتی ہے اور ان کے عزائم ناکام بنانے کے لیے متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہمیں یہاں اس امر کی نشاندہی کرنا چاہوں گا کہ بابائے قوم نے پاکستان میں بسنے والے تمام لوگوں کے لیے ان کے مذہب اور نسل سے قطع نظر برابری ، آزادی اور تحفظ کی پالیسی کا دو ٹوک اعلان کیا تھا ۔

اس یقین دہانی کا پاکستان کے آئین میں اطمینان بخش طور پر احاطہ کیا گیا ہے جو پاکستان کی تمام برادریوں کے لیے برابر کے حقوق اور مکمل تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔میں اپنے اس پختہ عزم کا اعادہ کرنا چاہتا ہوں کہ پاکستان کے طول و عرض میں بسنے والے تمام باشندوں کو ان کے عقیدے سے قطع نظر یکساں حقوق حاصل ہیں ۔ میری حکومت تمام اقلیتی برادریوں کے بنیادی حقوق کی حفاظت ، عزت و وقار اور جان و مال کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ میں پُر خلوص انداز میں تمام اقلیتوں کی بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کا تہیہ کئے ہوئے ہوں ۔ میں نے ہمیشہ پاکستان کی اقلیتی برادریوں بالخصوص پاکستانی مسیحوں کی قابلِ قدر خدمات کو سراہا ہے ۔ مجھے یقین ہے کہ وہ پاکستان کی ترقی وخوشحالی میں اپنا قومی کردار ادا کرتی رہیں گی۔میں اپنے مسیحی بھائیوں کو ایسٹر کے پُرمسرت تہوار پر ایک بار پھر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔