سکول کی بندش کیخلاف والدین کا احتجاجی مظاہرہ، ٹائر جلا کر کوہاٹ روڈکو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا

ہفتہ 4 اپریل 2015 14:15

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء) کوہاٹ روڈ پر واقعہ بنوولنٹ سکول کی بندش کیخلاف والدین نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ٹائرجلاکر روڈ کو ہرقسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا۔

(جاری ہے)

کوہاٹ روڈ پر بنوولنٹ فنڈ سکول میں زیر تعلیم بچوں کے والدین نے سکول انتظامیہ کیخلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ بنوولنٹ سکول کی بندش کا نوٹیفیکیشن مارچ کے مہینے میں جاری ہوا تھا لیکن والدین کو ایک روز قبل دیا گیا جس کیخلاف وہ سراپا احتجاج ہیں۔

مظاہرین کے مطابق اب ان کے بچے کہاں جائینگے ۔ ہزاروں بچوں کیلئے تعلیم کا کوئی متبادل بندوبست نہیں ہے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی فضل الٰہی نے کہا کہ سکول کو بند نہیں ہونے دیا جائیگا، وہ وزیراعلیٰ اور چیف سیکرٹری سے ملاقات کرکے حقائق سے آگاہ کرینگے ۔