عالم اسلام کو موجودہ حالات میں اتحادو یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہئے‘علماء کرام

حافظ طاہر اشرفی کی سربراہی میں وفد کی مسجد نبوی کے امام الشیخ عبد الرحمن الحذیفی سے ملاقات

ہفتہ 4 اپریل 2015 12:16

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء)پاکستان علماء کونسل کے وفدنے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی سربراہی میں مسجد نبوی کے امام الشیخ عبد الرحمن الحذیفی سے مدینہ منورہ میں ملاقات کی ۔ملاقات میں عالم اسلام کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد میں پاکستان علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی ،مولانا محمد امجد،مولانا عبد الجبار ودیگر بھی شامل تھے۔

الشیخ عبد الرحمن الحذیفی نے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ مسلم امہ کو بڑھتے ہوئے فتنوں کے مقابلہ کیلئے اتحاد کی ضرورت ہے اور اس میں علماء کا کردار اہم ہے۔سعودی عرب اور سعودی عوام پاکستان کی حرمین شریفین اور سعودی عرب کی سلامتی و استحکام کیلئے کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔

(جاری ہے)

جولوگ پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کررہے ہیں در اصل وہ اغیار کا ایجنڈہ پورا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کو موجودہ حالات میں اتحادو یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ملت اسلامیہ حرمین شریفین اور سعودی عرب کے تحفظ وسلامتی کیلئے اپنی جانیں قربان کرنا سعادت سمجھتی ہے ۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے پاکستان علماء کونسل کی طرف سے الشیخ عبد الرحمن الحذیفی کو پاکستان دورے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی ۔اس موقع پر الشیخ عبد الرحمن الحذیفی نے پاکستان علماء کونسل کی بین المذاہب و بین المسالک کوششوں کو سراہا اور پاکستان علماء کونسل کی جدوجہد کیلئے خصوصی دعا بھی کی ۔