پشاور، غیرقانی سرگرمیوں میں ملوث محکمہ جنگلات کے آٹھ افسران معطل

جمعہ 3 اپریل 2015 22:51

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) جنگلات میں لکڑی کی کثیر تعداد میں غیر قانونی طور پر کٹائی ،برآمد شدہ لکڑی فارسٹ ڈپو کومنتقل کرنے میں غفلت برتنے اور ایسی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف موثراور بروقت کارروائی نہ کرنے پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکی منظوری سے محکمہ جنگلات کے آٹھ افسران و اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے جبکہ اس کیس میں ملوث پولیس اہلکاروں سے متعلق متعلقہ حکام کو ضروری احکامات بھیجے جارہے ہیں۔

معطل شدہ افسران و اہلکاروں میں چیف کنزرویٹر آف فارسٹ شاہ وزیر (بی ایس۔20)مالاکنڈ فارسٹ ریجنIII،رئیس خان(بی ایس۔17)ڈویژنل فارسٹ آفیسر دیر بالا ،احسان الدین( فارسٹ رینجربی ایس۔16) سب ڈویژنل فارسٹ آفسر دیر، عبدالواحد باچا (ڈپٹی رینجربی ایس۔

(جاری ہے)

11) رینج آفیسر دروڑا، محمد خان فارسٹر(بی ایس۔9)ہٹاں، شاہ محی الدین فارسٹر(بی ایس۔9)اشاڑی فارسٹ، شہزادہ فارسٹ گارڈ( بی ایس۔

6) سلام کوٹ بیٹ اور مناصب فارسٹ گارڈ (بی ایس۔6) کڈی خیل اشارائی شامل ہیں۔خیبر پختونخوا حکومت کے اصلاحاتی کوششوں کے ساتھ ساتھ محکمہ جنگلات ،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکی خصوصی ہدایات کی روشنی میں وسیع پیمانے پر شجر کاری کے حکومتی اقدامات بشمول بلین ٹری سونامی شجر کاری پراجیکٹ کے علاوہ جنگلات کے شعبے میں موثر اور پائیدار بہتری لانے اور درختوں کی غیر قانونی کٹائی اور لکڑی کی سمگلنگ کے خلاف سخت اقدامات کر رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اس سلسلے میں سیکرٹری محکمہ جنگلات، ماحولیات اور جنگلی حیات نے 24مارچ سے26مارچ تک دیر بالا کے مختلف جنگلات باالخصوص ملنگا جنگل اور اشارائی جنگل کمپارٹمنٹ نمبر1کے اچانک دورے کئے اور درختوں کی غیر قانونی کٹائی اور لکڑی کو غیر قانونی طور پر نکالنے کی روک تھام کے سلسلے میں معائنے کئے۔اس دوران مذکورہ جنگل میں خشک اور تازہ درختوں کی بے دریغ کٹائی دیکھی گئی جبکہ ان اچانک چھاپوں اور معائنوں کے دوران3900مربع فٹ غیر قانونی لکڑی موضع سلام کوٹ میں چار آرا مشینوں میں پڑی تھی جہاں تک گھریلو استعمال کیلئے مقامی کوٹے کی فراہمی کاتعلق ہے اس مقصد کیلئے پالیسی اور طریقہ کار وضع کرنے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے جبکہ کثیر تعداد میں لکڑی کی ڈویژنل فارسٹ آفیسر دیر بالا کے دفتر کو منتقلی سے متعلق سیکرٹری محکمہ جنگلات کی ہدایات پر صرف1100مربع فٹ(330سلیپرز) غیر قانونی لکڑی فارسٹ ڈیپارٹمنٹ کی عمارت کے احاطے میں لائی جاسکی جبکہ ٹمبر مافیا کی پشت پناہی سے مقامی لوگوں نے جنگلات عملے کے بعض عناصر اور پولیس کی ملی بھگت سے کثیر تعداد میں بقیہ لکڑی غائب کر دی۔

کثیر تعداد میں غیر قانونی اور نشاندہی و برآمد شدہ لکڑی فارسٹ ڈپو کو منتقل کرنے میں غفلت برتنے اور ایسی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف موثر اور بروقت کارروائی نہ کرنے پر متعلقہ افسران و اہلکاروں کو معطل کیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :