فرنٹےئرکوربلوچستان کا وسیع پیمانے پر لورالائی اور سنجاوی کے علاقوں میں دہشت گردوں کیخلاف سرچ آپریشن

کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے2خودکش حملہ آوروں سمیت 6دہشتگرد ہلاک، متعدد مشتبہ شرپسندگرفتار ، ترجمان ایف سی

جمعہ 3 اپریل 2015 22:20

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء ) فرنٹےئرکوربلوچستان کا خفیہ اطلاع پرلورالائی اور سنجاوی کے علاقوں میں دہشت گردوں کیخلاف بڑے پیمانے پرسرچ آپریشن ۔ کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے02 خود کش حملہ آوروں سمیت06دہشت گرد ہلاک اور متعدد مشتبہ شرپسندوں کوگرفتار کر لیا گیا۔ہلاک اور گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں خود کش جیکٹس،دیسی ساختہ بم اوربارود برآمد۔

تفصیلات کے مطابق فرنٹےئرکور بلوچستان نے لورالائی اور سنجاوی کے علاقوں میں عام شہریوں،لیویز اور پولیس اہلکاروں کے ٹارگٹ کلنگ اورمختلف اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث کالعدم تنظیم کے شرپسندوں کے خلاف سرچ آپریشن کیا۔سرچ آپریشن کی نوعیت اور پیمانے کے پیش نظر فرنٹیئر کور بلو چستان کے 450 سے زائداہلکاروں نے کارروائی میں حصہ لیا۔

(جاری ہے)

کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے ایف سی اہلکاروں کو دیکھتے ہی اچانک خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کردی جس کے زد میں آکرایک ایف سی اہلکارشدید زخمی ہوا۔نتیجتاً ایف سی اہلکاروں نے بھی فائرکھول دیا۔دونوں جانب سے شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران خود کش جیکٹس پہنے ہوئے 02دہشت گردوں نے خود کواُڑا دیا تاہم 04دہشت گرد ایف سی کی بروقت کارروائی میں مارے گئے۔

کارروائی میں کُل 06دہشت گرد ہلاک ہو ئے جبکہ متعدد مشتبہ شر پسند وں کو حراست میں لے لیا گیا ۔ہلاک اور گرفتار ہو نیوالے دہشت گردوں کی قبضے سے بھاری تعداد میں خود کش جیکٹس ،آئی ای ڈیز اور اسلحہ و بارود برآمد ہوا۔ واضح رہے فرنٹیئر کور کی جانب سے گزشتہ ہفتے ضلع لورالائی میں قانون نافذکرنیوالے اداروں کی چیک پوسٹوں پر حملے، پولیس اہلکاروں کی شہادت اور اغواء برائے تاوان میں ملوث شرپسندوں کے خلاف خفیہ اطلاعات پر لورالائی، سنجاوی اور گردنواح میں ٹارگٹڈ سرچ آپریشن جاری ہے۔

مذکورہ ہلاک اور گرفتار ہونیوالے شرپسند میختر،تنگی اور سنجاوی کے علاقوں میں عام شہریو ں کی اغواء برائے تاوان ،لیویز اور پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ جیسی سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔آئی جی ایف سی بلوچستان میجرجنرل شیرافگن نے ایف سی کے جوانوں کے کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فرنٹےئرکورصوبے میں بد امنی پھیلانے والے،اغواء برائے تاوان،قانون نافذ کرنیوالے اداروں پرحملو ں میں ملوث دہشت گردوں کیخلاف کارروائی میں کوئی کسر نہیں اٹھارکھے گی اور شرپسندوں کا آخر تک اور ہر جگہ پر تعاقب کیا جائیگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جہاں بھی شرپسندوں اور جرائم پیشہ افرادکی موجودگی کی اطلاع ملے گی ان کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے گی اور صوبے میں امن وامان کیلئے کسی قر بانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :