وزیر اعلیٰ پنجاب ڈپٹی چےئر مین سینٹ علامہ عبدالغفور حیدری آج رائے ونڈکا دورہ کرینگے

میاں شہباز شریف رائے ونڈ میں جنسی درندگی کا نشانہ بننے والی فائزہ کے والدین سے اظہار ہمدردی کیلئے ان کے گھر بھی جائیں گے

جمعہ 3 اپریل 2015 22:14

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء ) دو اہم شخصیات کی رائے ونڈ آمد ،انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں ،وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور ڈپٹی چےئر مین سینٹ علامہ عبدالغفور حیدری آج بروز( ہفتہ ) کورائے ونڈکا دورہ کرینگے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب رائے ونڈ کے پسماندہ علاقہ بستی امین پورہ میں ایک ماہ قبل جنسی درندگی کا نشانہ بننے والی پہلی جماعت کی طالبہ پانچ سالہ معصوم فائزہ ہدایت کے والدین سے اظہار ہمدردی کیلئے ان کے گھر پہنچیں گے ۔

اس سلسلے میں ڈی سی او لاہور کیپٹن عثمان سمیت اعلیٰ پولیس افسروں نے فول پروف سکیورٹی کویقینی بنانے کیلئے روٹ چیک کیا اور راستوں میں موجود تجاوزات ہٹائیں ۔وزیر اعلیٰ کی آمد کی کے موقع پر رائے ونڈ شہر کو صاف ستھرا بنانے میں اقبال ٹاؤن انتظامیہ پیش پیش رہی ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی چےئر مین سینٹ علامہ عبدالغفور حیدری جامعہ مدنیہ جدید کا دورہ کرینگے ۔

بعدازاں وہ تبلیغی مرکز کے پڑوس میں واقع جامع مسجد علی المرتضیٰ میں خصوصی خطاب کریں گے ۔ادھر شہری وزیر اعلیٰ کی موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مختلف محکموں کے خلاف عوامی شکایات پیش کرنے کیلئے بیتاب ہیں جبکہ مسلم لیگی رہنماء و کارکنان وزیر اعلیٰ کی طرف سے رائے ونڈ کو ماڈل سٹی بنانے کیلئے دئیے گئے کروڑوں روپے کے ترقیاتی منصوبہ جات کی تکمیل پر وزیر اعلیٰ کو خراج تحسین پیش کریں گے ۔

لیگی تاجران میں بھی خوشی کی لہر دوڑ چکی ہے اور وہ اپنے مطالبات کے ساتھ وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے خواہش مند ہیں ۔مقامی ایم این اے ملک محمد افضل کھوکھر اور ایم پی اے چودھری گلزار گجر وزیر اعلیٰ کا استقبال کریں گے ۔یادرہے کہ زیادتی کا شکار فائزہ کے مبینہ ملزم نسیم کی گرفتاری میں ایس ایچ او تھانہ سٹی رائے ونڈ چودھری محمد سرور کا اہم کردار رہا ہے ۔وزیر اعلیٰ قبل ازیں رائے ونڈ کے علاقہ پانڈوکی میں سڑک کا افتتاح کریں گے۔صدر پریس کلب عاطف سبزواری کی قیادت میں مقامی سینئر صحافیوں کی وزیر اعلیٰ سے خصوصی نشست میں رائے ونڈ کی تعمیروترقی بارے سوال و جواب کی نشست بھی شیڈول میں شامل ہے۔