حرمین شریفین کا تحفظ اور دفاع کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ، سید اشرف قریشی

نواز شریف کی حکومت کا سعودی عرب سے فوجی تعاون کا ارادہ اور ابتدائی کوشش خوش آئند ہے

جمعہ 3 اپریل 2015 22:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) جماعة السنہ پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ اور اہلحدیث ایکشن کمیٹی کے رہنما سید اشرف قریشی اور دیگر رہنماؤں سید عامر نجیب ، نے کہا ہے کہ مملکت سعودی عربیہ اور حرمین شریفین کا تحفظ اور دفاع کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ، سعودی عرب اور اسکے حکمرانوں کی پاکستان کے لئے خدمات اور تعاون بے مثال ہیں جسکا بدل حکومت وقت کی اخلاقی ذمہ داری تھی ، نواز شریف کی حکومت کا سعودی عرب سے فوجی تعاون کا ارادہ اور ابتدائی کوشش خوش آئند ہے ۔

رہنماؤں نے کہا کہ یمن کی صورتحال اور پاکستان کے سعودی عرب کو تعاون کی پیشکش فرقہ پرستوں کو ہضم نہیں ہو رہی ہے اور وہ منفی پروپیگنڈہ کر کے وطن عزیز کا ماحول خراب کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار جماعة السنہ پاکستان کے رہنماؤں نے گذشتہ روز کراچی شہر کی 300 سے زائد اہلحدیث مساجد میں ” یوم تحفظ حرمین “ کے تحت خطبات جمعہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، مختلف مساجد میں نماز جمعہ سے خطاب کرنے والے علماء میں مولانا نعمان اصغر، مولانا سلمان احمد ، مولانا عبد العظیم حسن زئی ، مولانا احسن سلفی ، مولانا کامران سلیم ، مولانا ابراہیم خلیل ، مولانا اسحاق نذیر اور دیگر علماء نے تحفظ حرمین کے موضوع پر خطبہ ارشاد فرمایا ۔

سید اشرف قریشی اور دیگر رہنماؤں نے خطبات جمعہ سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ سعودی عرب کے موجودہ حکمران دنیا بھر کے مسلمانوں کے ہمدرد اور خیر خواہ ہیں ان کے دور حکومت میں حرمین شریفین کا انتظام و انصرام انتہائی مثالی ہے ۔ رہنماؤں نے کہا کہ حرمین شریفین اور سعودی حکومت کو الگ الگ دیکھنا امت مسلمہ کے اتحاد کو خلفشار میں مبتلا کرنے کی سازش ہے ، شاہ سعود خاندان اور ان کی حکمرانی کے خلاف جارحیت دراصل حرمین شریفین کے خلاف جارحیت ہوگی ۔

سید اشرف قریشی اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ امت مسلمہ اور پاکستان کے مسلمان سعودی عرب میں کسی بھی قسم کی جاحیت اور بد امنی ہر گر برداشت نہیں کریں گے سعودی عرب کی سرزمین کے کسی بھی گوشے پر حملہ براہ راست حرمین شریفین پر حملہ تصور کیا جائے گا ۔