ذوالفقار علی بھٹو شہید نے پسے ہوئے غریب مفلوک الحال عوام کو استحصالی نظام سے نجات دلوانے کیلئے اپنی جان کی قربانی دی، فریال تالپور

جمعہ 3 اپریل 2015 22:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی صدر ایم این اے فریال تالپور نے پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین اور اسلامی سربراہ کانفرنس کے سربراہ ذوالفقار علی بھٹو شہید کی 36ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کی تعلیمات قوم کے لئے مشعل راہ ہیں۔ ذوالفقار علی بھٹو شہید نے اس ملک کے پسے ہوئے غریب مفلوک الحال عوام کو استحصالی نظام سے نجات دلوانے کیلئے اپنی جان کی قربانی دی۔

انہوں نے اپنی پوری زندگی عوام کی خدمت کیلئے وقف کر رکھی تھی۔ ان کی زندگی جدوجہد کا عملی نمونہ تھی۔ شہید بھٹونے ملک کے دولخت ہونے کے بعد بکھرے اور ٹوٹے ہوئے ملک کی کرچیاں جمع کر کے دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کیا ۔شہید بھٹو نے 90ہزار سے زیادہ جنگی قیدیوں کو واپس لا کرقوم کا اعتماد بحال کیا۔

(جاری ہے)

بین الاقوامی برادری میں ملک کا وقار بحال کیا اور بکھری ہوئی شکست خوردہ فوج کو دوبارہ منظم ومسلح کیا، ملک کو ایٹمی طاقت بنایا جس کی وجہ سے آج ہم عالمی سطح پر برابری کی بنیاد پر بات کرنے کے قابل ہوئے۔

شہید بھٹو نے ملک کو غیر وابستہ تحریک کا رکن بنایااور کشمیر کے مسئلے کو نہ صرف ہندوستان سے ایک متنازعہ مسئلہ تسلیم کروایا بلکہ بین الاقوامی سطح پر اجاگر بھی کیا۔ فریال تالپور نے کہا کہ آج یوم تجدید عہد ہے۔ آج ہمیں تہیہ کرناہوگاکہ ہم شہید بھٹو کے دیئے ہوئے رہنما اصولوں پر عمل کرتے ہوئے ملک کو عوامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے جدوجہد کرینگے ۔