دوسرافیصل آباد آٹو شو2015ء اتوار کو اقبال سٹیڈیم میں منعقد ہوگا

جمعہ 3 اپریل 2015 22:06

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) دوسرافیصل آباد آٹو شو2015ء اتوار 5اپریل کو اقبال سٹیڈیم میں منعقد ہوگا جس میں شائقین کو مختلف ماڈلز کی منفرد،نایاب ،خوبصورت او ربیش قیمتی کاریں اورموٹربائیکس دیکھنے کا موقع ملے گا۔آٹو شو کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس ڈی سی ا ونورالامین مینگل کی زیر صدارت اقبال سٹیڈیم کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا جس میں ایم پی اے محمدنوا زملک اور مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

ڈی سی او نے بتایا کہ آٹو شو کے سلسلے میں کاروں وموٹربائیکس کی نمائش کے لئے اقبال سٹیڈیم کے بیرونی احاطہ میں مختلف ایریاز کو مختص کیا گیا ہے جبکہ کرکٹ گراؤنڈ کے تحفظ کے پیش نظر سٹیڈیم کے اندر کاروں کی قطعاً نمائش نہیں کی جائے اور اتوار 5،اپریل کو اقبال سٹیڈیم کی دکانیں بند رہیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے آٹو شو کے لئے صفائی ستھرائی اور سیکورٹی کے بہترین انتظامات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آٹو شو دیکھنے کے لئے آنے والے شائقین صرف پیدل اقبال سٹیڈیم کے احاطہ میں داخل ہوسکیں گے اس سلسلے میں اقبال سٹیڈیم جانے والی سڑکیں جیل روڈ سے ڈی پی ایس روڈ،بلال روڈ سے انسداد دہشت گردی عدالت روڈ اورکمشنر روڈٹریفک کے لئے بند کردی جائیں گی جبکہ شائقین کی گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے منروا کلب روڈ(عبیر ابوزری روڈ)،چناب کلب روڈ،باغ جناح بلال روڈپر انتظام کیا جائیگا۔

جس میں پارکنگ کمپنی کی طرف سے محفوظ اور فری پارکنگ کی سہولت ہوگی اور شائقین کو سٹیڈیم تک لانے کے لئے مفت شٹل سروس کا اہتمام ہوگا۔ڈی سی او نے پارکنگ کمپنی اور ٹریفک پولیس سے کہا کہ وہ آٹو شو دیکھنے کے لئے آنے والوں کی سہولیات کا ہر ممکن خیال رکھیں اور گاڑیوں کی پارکنگ،شٹل سروس اورپیدل آمدورفت کے راستوں سے آگہی کے لئے نمایاں جگہ پر بینرز آویزاں کئے جائیں۔

ڈی سی او نے بتایا کہ آٹو شو شہریوں کو مختلف ماڈلز کی نادر،دلکش اور بھاری مالیت کی گاڑیوں سے متعلق معلومات سے آگاہی کے علاوہ بہترین تفریح بھی فراہم کرے گا جبکہ رات کے وقت سٹیڈیم کی فلڈ لائٹس بھی چلائی جائیں گی اور میوزیکل پروگرام سے جشن کا سماں ہوگا۔آٹو شو کے اختتام پر پوزیشن حاصل کرنیو الی گاڑیوں کے مالکان میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے سابق صوبائی وزیر راناثناء اللہ خاں اس موقع پر مہمان خصوصی ہوں گے۔ایم پی اے محمدنواز ملک نے بتایا کہ فیصل آبادآٹو شو میں 18کروڑ روپے مالیت کی کار کے علاوہ کروڑوں روپے قیمت کی دیگر کاریں نمائش میں رکھی جائیں گی اور یہ شو گزشتہ سال کی نسبت زیادہ شاندار اور وسیع ودلچسپ ہوگا۔