عوامی تحریک کے ضلعی صد ر اورنائب صدر کی اسسٹنٹ الیکشن کمشنر سے ملاقات، بلدیاتی انتخابات بارے تجاویز پیش

جمعہ 3 اپریل 2015 20:58

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء ) پاکستان عوامی تحریک اسلام آبادکے ضلعی صدر ابراررضاایڈووکیٹ،نائب صدر فاروق بٹ نے گزشتہ روز اسسٹنٹ الیکشن کمشنر سے ملاقات کی ۔ملاقات میں ممکنہ بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں اپنی طرف سے تجاویز و آرا ء جمع کروائیں اور بلدیاتی انتخابات میں حکومتی نمائندوں کی مداخلت کی روک تھام ،انتخابی عمل کی شفافیت اور انتخابی فہرستوں کے متعلق تفصیلی بات چیت کی گئی۔

ملاقات کے بعد میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے ابراررضاایڈووکیٹ نے کہا کہ عوامی تحریک اسلام ا ٓباد میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی،جس کے لئے تیاریوں کا باقاعدہ آغازکر دیا گیا ہے،ہر یونین کونسل سے امیدواروں سے رابطے کے لئے کمیٹیاں بھی بنائی جا چکی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت بلدیاتی انتخابات میں غیر جانب دار رہی تو عوامی تحریک واضح کامیابی حاصل کرکے مخالفین کو دن میں تارے دکھا دے گی۔

عوامی تحریک کے رہنماؤں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ حکومت کی جانب سے ترقیاتی سکیموں کے نام پر جاری کئے جانے والے 12ارب روپے کانوٹس لیں،کیونکہ سپریم کورٹ کااپنا فیصلہ ہے کہ ممبران پارلیمنٹ کو ترقیاتی سکیموں کے لئے فنڈز نہ دئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ کی جانب سے نوٹس نہ لیا گیا تو حکومت کی جانب سے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز ملتے رہیں گے اور اس طرح بلدیاتی انتخابات بھی دھاندلی کی نذر ہوجائیں گے۔