کوئٹہ، قصائیوں پر ٹیکس لگانے کیخلاف احتجاج ،ہڑتال کرنے کا اعلان

جمعہ 3 اپریل 2015 20:17

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء ) قصائیوں پر ٹیکس لگانے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ہڑتال کا اعلان کردیا ۔ قصائی یونین کے نمائندوں عبدالقیوم شاہوانی خلیل احمد غلام سرور پندرانی شبیراحمد حاجی عبدالطیف محمد عالم خادم موسیانی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاہے کہ خضدار میں قصائیوں پر فی جانورپچاس سے ایک سو روپے تک ٹیکس کا نفاذ ظالمانہ فیصلہ ہے جس سے قصائیوں کا کارو بار ٹھپ ہو کر رہیگا اور اس کا اثر براہ راست شہریوں پر پڑیگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پہلے سے قصائیوں پر ٹیکس کا نفاذ ہے اس سے قبل فی جانور پانچ روپے لیا جارہا تھا ۔ جو قصائیوں کی بس میں تھا ۔ اور پورے پاکستان میں یہی رقم مقرر ہے ۔ اس کے بر عکس فی جانور پر پچاس سے ایک سو روپے تک وصولی نا انصافی ہے ۔جس کی ادائیگی ہمارے بس سے باہر ہے۔ اس ٹیکس کے باعث قصائی نقصان کے بوجھ تلے دب جائیں گے اور مجبور اً انہیں گوشت فی کلو کے حساب سے اضافہ کرنا ہوگا یا اس کاروبار سے الگ ہونا ہوگا ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ میونسپل کارپوریشن اپنے اس فیصلے کو واپس لینے ورنہ ہم غیر معینہ مدت تک ہڑتال کریں گے ۔